کراچی۔2جنوری (اے پی پی):خاتون اول بیگم ثمینہ علوی نے کہا ہے کہ ہم معذورافرد کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنا چاہتے ہیں ، ہم چاہتے ہے کہ معذورافراد کو تربیت فراہم کرکے اس کی بنیاد پر ان کو روزگار ملے اور اس سے خیرات کا تاثر نہ ملے، جنوری کے اختتام سے کفالت پروگرام سے معذور افراد کو ماہانہ 2 ہزار روپے وظیفہ دیا جائے گا ۔ ان خیالات کاا ظہار انہوں نے ہفتہ کو کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی )کے دفتر میں ایسوسی ایشن کے عہدایدارن سے ملاقات کے موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔ قبل ازیں کاٹی کے صدر سلیم الزمان ، معروف بزنس مین ایس ایم منیر ، کاٹی کی عہدیدار ماہین سلمان، زبیرچھایانے معذورافراد کی فلاح وبہود کے لئے خاتون اول بیگم ثمینہ علوئی کو بھر پور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ ہم معذور افراد کو مہارت فراہم کریں گے جس کی بنیاد پر ان کو اپنا کاروبار اور روزگارکرنے میںآسانیاں ہوںگی ۔کاٹی کے صدر اور دیگر عہدیداران کا مزید کہنا تھا کہ بیگم ثمینہ علوئی کا معذور افراد کے فلاح وبہود کے لئے کام کرنے کا اقدام بہت نیک کام ہے اور اس کار خیر میں ہم سب ان کے ساتھ ہیں اور ہر قسم کا تعاون کرنے کے لئے تیار ہیں ۔ خاتون اول بیگم ثمینہ علوئی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپ لوگوں کاجذبہ دیکھ کر مجھے بہت خوشی ہوئی کہ اپ لوگ اس جذبہ کے ساتھ ہمارا ساتھ دے رہے ہیں ، کراچی کے لوگ خیراتی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں، معذور افراد کی فلاح و بہود کے لئے کام کرنا نیک کام ہے ۔ بیگم ثمینہ علوی نے کہا کہ دنیا میں معذور افرد کے لئے بہت سہولیات ہوتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہاں جن گھروں میں معذور بچے ہوتے ہیں ان کو بوجھ سمجھا جاتا ہے حالانکہ اس میں نہ والدین کا قصور ہوتا ہے اور نہ ہی ان بچوں کا کوئی قصور ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لوگ معذور بچوں کا بتاتے ہوئے شرما تے ہیں اور نہ ہی ان کو ساتھ لے کر چلتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تمام صوبوں میں معذور افراد کے لئے روزگا کا کوٹہ ہے لیکن اس پر بھی عمل بڑی مشکل سے ہوتا ہے اور اگر عمل ہوتا بھی ہے تو اس سے خیرات کا تاثر ملتا ہے جس سے وہ مایوس ہوکر چلے جاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ معذور افراد کے لئے شاپنگ سینٹرز اور پارکس میں ریمپس بنانے چاہئے تاکہ ان کو جانے میں آسانی ہو اور اسپتالوں میں سہولیات ہونی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ جنوری کے اختتام سے کفالت پروگرام سے معذور افراد کو ماہانہ 2 ہزار روپے وظیفہ دیا جائے گااور یہ وظیفہ ان افرد کو دیا جائے گا جن کے پاس معذور افرد کے کارڈ ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ معذور افراد کو کارڈ بنانے میں بھی مشکلات کا سامنا ہوتا ہے ہم اس پر بھی کام کررہے ہیں کہ ان کو کارڈ بنوانے میں آسانیاں ہو ں۔ خاتون اول نے کہا کہ مختلف مواقع پر ایوان صدر میں جو پروگرامز منعقد ہوتے ہیں ہم اس میں معذور بچوں کو ضرور بلاتے ہیں ۔ ہمیں ان کو یہ احساس دلانا ہوگا کہ وہ بھی انسان ہیں اور ہمیں ان کا خیال رکھنا پڑے گا ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے پہلے بھی عوام کے فلاح وبہود کے لئے مختلف شعبوں میں کام کیا ہے ۔خاتون اول نے کہا کہ میں غریب لوگوں کے لئے کام کررہی ہے ہوں ۔ وزیراعظم عمران خان بھی غریب لوگوں کے لئے کام کررہے ہیں اور اسی مقصد کے لئے انہوں نے پناہ گاہیں بنائی ہیں تاکہ ان کو رہنے کے لئے صاف ستھری جگہ میسر ہو اور ان کو کھانہ بھی ملے۔انہوں نے کہا کہ بریسٹ کینسر کے حوالے سے بھی کام کیا ہے اور اس میں میڈیا نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے ، اور یہ کام سیاست سے بلاتر ہوکر انسانی خدمت کے طور پر کئے ہیں ۔