لاہور۔3فروری (اے پی پی):صدر مملکت کی اہلیہ خاتون اول بیگم ثمینہ علوی نے کہا ہے کہ معذور افراد کو با صلاحیت اور ہنر مند بنانا موجودہ حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے،معذور افراد کو ہر شعبے میں تمام سہولیات با آ سانی میسر ہونی چاہئیں،وزیراعظم عمران خان کی طرف سے معذور افراد کو دی جانے والی تمام سہولیات کو عملی جامہ پہنایا جائے، آئی ٹی کے شعبے میں معذور افراد کوہرطرح کی سہولیات کی دستیابی ناگزیر ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز یہاں گورنر ہاوس میں معذور افراد کے لئے کام کرنیوالے اداروں کے نمائندگان سے ان کے شعبے میں ہونے والی کارکردگی کا جائزہ کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔خاتون اول نے کہا کہ معذور افراد کو نادرا کی جانب سے سمارٹ کارڈ کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے،
معذور افراد کو تمام تر سائنسی اور طبی سہولیات کی دستیابی ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت معذور افراد کی فلاح و بہبود کے لیے ہر پل کوشاں ہے، انہوں نے تمام اداروں کو ہدایت کی کہ وہ معذور افراد اور بچوں کو اس حوالے سے آگاہی دیں کہ وہ خود کو رجسٹرڈ کروائیں تاکہ انہیں حکومت اچھے طریقے سے سہولیات فراہم کر سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سسٹم میں رجسٹریشن کے اندراج میں جو مشکلات در پیش ہیں انہیں جلد دور کیا جائے، اس سلسلے میں تمام محکموں کی آپس میں بہترین کوآرڈینیشن ہونی چاہیے تاکہ معذور افراد کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ اس موقع پر سیکرٹری سوشل ویلفیئر سمیرا صمد نے بتایا کہ محکمہ سوشل ویلفیئر پنجاب اسمبلی میں ایک ماہ کے اندر معذوری کے حوالے سے ایک قانون پیش کرنے جا رہا ہے جس سے معذور افراد کے زیادہ تر مسائل حل ہو جائیں گے۔
سوشل پروٹیکشن اتھارٹی پنجاب کے سی ای او توصیف دلشاد کھٹانہ نے کہا کہ تین لاکھ پچپن ہزار معذور افراد کا ڈیٹا ہمیں موصول ہو چکا ہے جن میں سے غریب معذور افراد کو تین ہزار روپے ماہانہ د یئے جائیں گے اور مزید معذور افراد کو مختلف ڈیوائسز ،
ویل چیئرز وغیرہ بھی مہیا کی جائیں گی۔ اس موقع پر ڈی جی سپیشل ایجوکیشن پرویز اقبال بٹ نے کہا کہ سپیشل ایجوکیشن کے متعلقہ 303 ادارے کام کر رہے ہیں جن میں تقریبا 38 ہزار معذور طلبا تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ ان طلبا کو ہم ٹرانسپورٹ اور سکلز ایجوکیشن بھی دے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا ہم نے لوکل کمپنیوں کی مدد سے سٹیچنگ یونٹ بھی قائم کئے ہیں جو کہ سپیشل ایجوکیشن کے طلبا کو تین ماہ کے لیے ٹریننگ دیں گے اور وہ طلبا ٹریننگ کے بعد ان کمپنیوں میں لیبر فورس کے طور پر کام بھی کر سکیں گے۔
اس موقع پر معذور افراد نے خاتون اول کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا جس پر خاتون اول نے انہیں فوری حل کرنے کے احکامات جاری کیے۔تقریب میں معذور افراد سمیت سوشل ویلفیئر ،
سکولز ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، سپیشل ایجوکیشن اور ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے نمائندگان، مسرت مصباح سمیت مختلف شعبوں کے افراد اور این جی اوز کے سربراہان نے بھی شرکت کی۔
بعد ازاں لیبارڈ سمیت مختلف این جی اوز کے سربراہان نے بھی خاتون اول بیگم ثمینہ علوی سے ملاقات کی ۔ملاقات میں معذور افراد کو درپیش مشکلات اور انکے حل کے حوالے سے مختلف تجاویز بھی پیش کی گئیں ۔ملاقات میں نیاز ملک، ریحانہ معروف،عبدالواحد اور فریحہ سیف شامل تھیں۔