معذور افراد کے عالمی دن کے موقع پر ڈائریکٹوریٹ جنرل آف اسپیشل ایجوکیشن میں خصوصی پروگرام کا انعقاد

121
معذور افراد کے عالمی دن کے موقع پر ڈائریکٹوریٹ جنرل آف اسپیشل ایجوکیشن میں خصوصی پروگرام کا انعقاد
معذور افراد کے عالمی دن کے موقع پر ڈائریکٹوریٹ جنرل آف اسپیشل ایجوکیشن میں خصوصی پروگرام کا انعقاد

اسلام آباد۔19دسمبر (اے پی پی):معذور افراد کے عالمی دن کے موقع پر ڈائریکٹوریٹ جنرل آف اسپیشل ایجوکیشن میں ایک خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں نگراں وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق خلیل جارج مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر قومی ترانے اور ٹیبلو پیش کئے گئے جو خصوصی بچوں کی غیر معمولی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت تھا۔ ان کے متاثر کن صلاحیتوں نے سامعین پر انمٹ نقوش چھوڑے۔

تقریب سے اپنے خطاب میں خلیل جارج نے خصوصی طلباء کی غیر معمولی صلاحیتوں اور کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہر شخص کے اندر موجود صلاحیتوں کو پہچاننے اور اس کی پرورش کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ خصوصی ادارے ان بچوں کو معاشرے کا مفید فرد بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں ہمیں ان کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ معذور افراد کے عالمی دن کو بھرپور جذبے سے منانے کا مقصد بھی معذور افراد اور ان کی بحالی کے لئے کام کرنے والے اداروں اور افراد کی حوصلہ افزائی اور ان کی خدمات کو تسلیم کرنا ہے۔

اس موقع پر اسپیشل ایجوکیشن کے ڈائریکٹر جنرل شیخ اظہر سجاد نے معیاری تعلیم کی فراہمی اور متنوع صلاحیتوں کے حامل افراد کے لیے ایک جامع ماحول کو فروغ دینے میں ڈائریکٹوریٹ جنرل آف اسپیشل ایجوکیشن کی خدمات پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر معذور افراد میں ٹول کٹس بشمول موبائل ریپئرنگ کٹس بیوٹیشن کٹس، سلائی مشینیں اور وہیل چیئرز بھی تقسیم کی گئیں جس کا مقصد ان افراد کو خود انحصار بنانے میں مدد فراہم کرنا ہے۔ تقریب میں ڈائریکٹرز، ڈپٹی ڈائریکٹرز، اساتذہ، طلباء, والدین اور این جی اوز اور آئی این جی اوز کے نمائندوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔