معذور افراد ہمارے معاشرے کا اہم جزو ہیں ، بیمار اور معذور افراد کا خیال رکھنا ریاست کے ساتھ معاشرے کے ہر شہری کی بھی ذمہ داری ہے،صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی

137

اسلام آباد ۔ یکم جون (اے پی پی) صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ معذور افراد ہمارے معاشرے کا اہم جزو ہیں ، بیمار اور معذور افراد کا خیال رکھنا ریاست کے ساتھ معاشرے کے ہر شہری کی بھی ذمہ داری ہے۔ان خیالات کا اظہارصدر مملکت نے ایوان صدر میں خصوصی بچوں کے اعزاز میں دیئے گئے افطار ڈنر سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔۔ ایوان صدر میں دیئے گئے افطار ڈنر کا اہتمام پاکستان میں آذربائیجان کے سفارتخانے نے کیا تھا۔افطار ڈنر میں مختلف جسمانی اور ذہنی عوارض کے باعث معذور بچوں ، مختلف ملکوں کے سفیروں ،خاتون اول ثمینہ عارف علوی اور ارکان پارلیمنٹ سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے تمام انسانوں کو جذبات و احساسات کی یکساں صفت ودیعت دی ہے تاہم بعض افرادجسمانی بیماریوں کے باعث معذور ہیں، ان معذور افراد کا خیال رکھنا فلاحی ریاست کے ساتھ معاشرے کے ہر شہری کی بھی ذمہ داری ہے سرکاری ملازمتوں میں خصوصی افراد کے کوٹے پر عمل درآمد یقینی بنانا ہو گا۔