26.6 C
Islamabad
اتوار, اپریل 20, 2025
ہومقومی خبریںمعراج کا واقعہ ہمیں اتحاد، ایمان، اور محبت کے پیغام کو عام...

معراج کا واقعہ ہمیں اتحاد، ایمان، اور محبت کے پیغام کو عام کرنے کی دعوت دیتا ہے،سید یوسف رضا گیلانی

- Advertisement -

اسلام آباد۔27جنوری (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ معراج کا واقعہ ہمیں اتحاد، ایمان، اور محبت کے پیغام کو عام کرنے کی دعوت دیتا ہے،یہ رات اللہ کی قدرت اس کی قربت اور انسانیت کے لیے رہنمائی کا ایسا پیغام ہے جو رہتی دنیا تک زندہ رہے گا،شبِ معراج النبی ﷺ کے بابرکت موقع پر خصوصی پیغام میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ شبِ معراج النبی ﷺ وہ عظیم اور مقدس رات ہے جب اللہ رب العزت نے اپنے محبوب نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفی ﷺ کو معراج کی عظیم سعادت سے نوازا۔ یہ رات اللہ کی قدرت، اس کی قربت اور انسانیت کے لیے رہنمائی کا ایسا پیغام ہے جو رہتی دنیا تک زندہ رہے گا۔

اس رات ہمیں سبق ملتا ہے کہ اللہ کا قرب اور کامیابی صرف عبادت، اخلاق اور اعمالِ صالحہ کے ذریعے ممکن ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ یہ رات ہمیں یہ یاد دلاتی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے حبیب ﷺ کو نہ صرف تمام جہانوں کی سیر کرائی بلکہ امتِ مسلمہ کے لیے نماز کا تحفہ دیا جو اللہ سے قربت کا بہترین ذریعہ ہے۔ معراج کا واقعہ ہمیں اتحاد، ایمان، اور محبت کے پیغام کو عام کرنے کی دعوت دیتا ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے اپنے پیغام میں کہا کہ آئیں، اس مقدس رات پر ہم سب عہد کریں کہ نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کو اپنی زندگیوں میں نافذ کریں گے اور اپنے کردار سے اسلام کے امن، محبت اور بھائی چارے کے پیغام کو فروغ دیں گے۔

- Advertisement -

اس رات دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ ہمارے گناہوں کو معاف فرمائے، ہماری مشکلات کو آسان کرے اور پاکستان کو امن و ترقی کا گہوارہ بنائے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ شبِ معراج کی برکتیں ہم سب پر نازل فرمائے اور ہمیں اپنی زندگیوں میں اس رات کی روحانی عظمت کو سمجھنے اور اپنانے کی توفیق عطا فرمائے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=552496

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں