اسلام آباد۔14دسمبر (اے پی پی):معروف اداکارومصنف کمال احمد رضوی کی برسی17دسمبر کو منائی جائے گی ۔اداکارکمال احمد رضوی 1930ء کو بھارت میں پیدا ہوئے۔ کمال احمد نے اداکاری سمیت کئی یادگار ڈرامے تحریر کئے جبکہ ہدایت کاری میں بھی اپنا لوہا منوانے کے ساتھ ساتھ بچوں کا ادب بھی تخلیق کیا اور تراجم بھی کئے۔
ٹی وی پر مشہور ڈرامہ سریز الف نون نے کمال احمد رضوی کی شہرت کو عروج بخشا۔ انہوں نے مسٹر شیطان، آدھی بات، بلاقی بدذات، بادشاہت کا خاتمہ، جولیس سیزر، کھویا ہوا آدمی، خوابوں کے مسافر، صاحب بی بی غلام، چور مچائے شور، ہم سب پاگل ہیں اور آپ کا مخلص، ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائےشا۔کمال احمد نے بچوں کیلئے ادبی فن پارے بھی تحریر کئے۔
کمال احمد رضوی اور اداکار ننھا کے ڈرامے کا وقت ہوتا تو سڑکوں پر سناٹا چھا جاتاتھا۔ کمال احمد رضوی نے کئی مشہور ڈائجسٹ کی ادارت بھی کی، بیماری اور طویل عمری کے باوجود اپنے مخصوص جملوں سے محفل کو گل گلزار بنا دینے والے کمال احمد رضوی کو شوگر کا عارضہ لاحق تھا۔
17 دسمبر 2015ء کو دل کے دورہ کے باعث اس جہان فانی سے کوچ کر گئے اور ان کے انتقال سے ادب اور مزاح نگاری کا ایک باب بند ہوگیا۔ان کو حکومت پاکستان کی جانب سے تمغہ حسن کارکردگی سمیت مختلف قومی اور بین الاقوامی ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔
کمال احمد رضوی کی برسی کے موقع پر علمی و ادبی حلقوں اور شوبز انڈسٹری کے زیر اہتمام ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔