اسلام آباد۔3فروری (اے پی پی):فلم، ریڈیو، ٹی وی اور سٹیج کے ورسٹائل فنکار خیام سرحدی کی 13ویں برسی ہفتہ کو منائی گئی۔ خیام سرحدی 1948 میں اپنے وقت کے ایک معروف فلم ڈائریکٹر کے گھر میں پیدا ہوئے لیکن انہیں ہدایت کار اور اداکار بننے کا جنون تھا۔ ان کے والد نے انہیں ہدایت کاری اور پروڈکشن کےکورسز کے لیے یونان بھیجا تھا۔پاکستان واپس آنے کے بعد انہوں نے ریڈیو جوائن کیا اور بعد ازاں پروڈیوسر یاور حیات نے انہیں پی ٹی وی پر متعارف کرایا۔
تفریحی صنعت میں ان کا سفر، یادگار پرفارمنس سے انتہائی کامیاب رہا اور لاکھوں شائقین اب بھی ان کی خدمات کو سنہری الفاظ میں یاد کرتے ہیں۔انہوں نے پی ٹی وی کے کئی ڈراموں میں کام کیا جن میں "وارث”، "رضا رضا”، "من چلے کا سودا”، "دہلیز”، "لازاول” اور "سورج کے ساتھ ساتھ” شامل ہیں۔ ٹیلی ویژن کے علاوہ خیام سرحدی نے تین فلموں میں کام کرتے ہوئے سنیما کی دنیا میں قدم رکھا۔ خیام سرحدی کی 13ویں برسی پر ہفتہ کو مداحوں اور انڈسٹری کی جانب سے ان کی خدمات کے اعتراف میں مختلف پروگرامز اور تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=436148