اسلام آباد۔24جون (اے پی پی):معروف اداکار سلطان راہی کا 87 واں یوم پیدائش منایا گیا ۔ پنجابی فلموں کے سلطان اداکار سلطان راہی 24 جون1938میں پیدا ہوئے ۔سلطان راہی 80کی دہائی کے عشرے میں پنجابی فلموں کے معروف ہیرو رہے اور 700 سے زائد فلموں میں اداکاری کرکے عالمی ریکارڈ قائم کیا ،جن میں 500 فلموں میں بطور ہیرو کا کردار ادا کیا،ان کا نام گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں موجود ہے۔
انہوں نے تقریبا 703 پنجابی فلموں اور 100 اردو فلموں میں بھی کام کیا ۔ بلاک بسٹر فلم مولا جٹ سمیت سینکڑوں فلموں میں اداکاری کے جو ہر دکھانے والے شوبزانڈسٹری کے بے تاج بادشاہ نے تین دہائیوں تک فلم انڈسٹری پر راج کیا۔ سلطان راہی کو تمغہ حسن کارکردگی اور 6 نگار ایوارڈز سمیت تقریبا 160 قومی و بین الاقوامی اعزازات سے نوازا گیا۔ انہوں نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز 1959 میں بطور مہمان اداکار فلم ’’باغی ‘‘سے کیا۔
1971 میں فلم بابل اور 1972 میں پنجابی فلم بشیرا کی کامیابی نے انہیں سپر سٹار بنا دیا۔سلطان راہی اور مصطفی قریشی کی جوڑی فلم کی کامیابی کی ضمانت بن گئی۔ ان کی فلم مولا جٹ نے باکس آفس پر کامیابی کے ریکارڈ قائم کئے۔ان کی دیگر کامیاب فلموں میں سالا صاحب،چن وریام،اتھرا پتر،ملے گا ظلم کا بدلہ،وحشی جٹ، شیرخاں،شعلے،آخری جنگ، جرنیل سنگھ،شیراں دے پتر اور دیگر قابل ذکر فلمیں بھی شامل ہیں۔
سلطان راہی کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ 12اگست 1981کو ان کی پانچ فلمیں شیرخاں،ظلم دا بدلہ،اتھرا پتر،چن وریام اور سالا صاحب ایک ہی روز ریلیز ہوئی تھیں۔ سلطان راہی کو 9 جنوری 1996 کو گوجرانوالہ کے قریب ڈاکووں نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا تھااور وفات کے وقت بھی سلطان راہی کی 54 فلمیں زیر تکمیل تھیں جو ایک ورلڈ ریکارڈ ہے۔سلطان راہی کی سالگرہ کے موقع پر شوبز انڈسٹری اور فنکار برادری سمیت ان کے مداحوں کی جانب سے ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔