اسلام آباد۔1اپریل (اے پی پی):ملک کے معروف اور نامور شاعر مسرور انور کی برسی منگل یکم اپریل کو منائی گئ۔ انھوں نے فلموں کے لیے کئی نغمات لکھے اور ان کو نگار ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔ مسرور انور 6 جنوری 1944ء کو شملہ (بھارت) میں پیدا ہوئے تھے۔
مسرور انور کا اصل نام انور علی تھا۔ اوائل عمری سے ہی انھیں شعر و شاعری سے رغبت تھی۔ جب فلمی گیت لکھنے کا آغاز کیا تو 1962 میں ریلیز ہونے والی ان کی پہلی فلم ’’بنجارن‘‘ نے باکس آفس پر شاندار کامیابی حاصل کی اور مسرور انور کے لکھے نغمات نے ہر طرف دھوم مچا دی۔ مسرور انور نے بے شمار فلموں کے اسکرپٹ اور مکالمے بھی تحریر کئے ۔
مسرور انور یکم اپریل 1996ء کو اس دار فانی سے رخصت ہو گئے۔ مسرور انور کی برسی کے موقع پر ادبی حلقوں اور شوبز انڈسٹری کے زیر اہتمام منعقدہ مختلف تقریبات میں ان کی خدمات کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ خراج تحسین بھی پیش کیا جائے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=577706