معروف صوفی بزرگ حضرت خواجہ غلام فرید کے126ویں سالانہ عرس کی تقریبات کاآغاز

167
معروف صوفی بزرگ حضرت خواجہ غلام فرید

لاہور۔21اکتوبر (اے پی پی):محکمہ اوقاف ومذہبی امور پنجاب کے زیر اہتمام برصغیر پاک وہند کے معروف صوفی بزرگ حضرت خواجہ غلام فرید کے126ویں سالانہ عرس کی تقریبات کاآغازہو گیا۔ ابتدائی تقریب رسم ِ چادر پوشی بدست سیکرٹری اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے ہفتہ کے روز کیا۔

اس موقع پرسیکرٹری اوقاف نے کہا کہ درگاہیں خدمتِ خلق کے عظیم مراکزہیں۔ انتہا پسندی اور تشدد کے خاتمے کے لیے صوفیا کے اسلوبِ دعوت کو عام کرنا ازحد ضروری ہے۔ روادارانہ فلاحی معاشرے کی تشکیل وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ صوفیا نے دکھی انسانیت کی خدمت اور آدمیت کے دردوں کا مداوا کیا، ان کو اپنائیت اور محبت سے سرفراز کیا۔

اپنی خانقاہوں کے دروازے مخلوقِ خدا کے لیے ہمیشہ کھلے رکھیں ، سوسائٹی اور سٹیٹ کو بھی مخلوقِ خدا سے محبت، شفقت اور نرمی کے برتا ئوکی تلقین کی۔ سیکرٹری اوقاف نے مزید کہاکہ صوفیا نے سوسائٹی کو امن، محبت، روداری، اخوت اور بھائی چارے کے جذبے سے آشنا کیا۔ مشکل وقت میں اپنی خانقاہوں کے دروازے اور لنگر خانوں کو عام آدمی کے لیے کھول دیا۔ ان کی سماجی ریفارمز برصغیر میں عظیم اسلامی انقلاب کی بنیاد بنی، جس کے سبب خطہ پاک پاکستان معرضِ وجود میں آیا۔ انہوں نے کہا کہ فلاحی معاشرے کی تشکیل، صوفیا کے طرزِ زیست پر عمل پیرا ہوئے بغیر ممکن نہیں۔