معروف فلم ساز وہدایت کار ریاض شاہد کی برسی کل منائی جائیگی

167

فیصل آباد ۔ 30 ستمبر (اے پی پی):لالی ووڈ کے غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل فلم ساز، مصنف وہدایت کار ریاض شاہد کی برسی (کل) یکم اکتوبربروز منگل کو منائی جائیگی۔ فلم سٹار شان کے والد محترم ریاض شاہد نے بطور صحافی اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور فلم بھروسہ کا سکرپٹ لکھا جو انتہائی کامیاب رہی۔ 1958میں سکرپٹ رائٹر کے طور پر انہوں نے فلم انڈسٹری میں اپنا اہم مقام بنا لیا۔انہوں نے 1959میں فلم نیند اور1961میں شہید تحریر کی جو سپر ہٹ ثابت ہوئیں۔ 1962میں فلم سسرال کی کامیابی سے وہ رائٹر، فلم ساز، ہدایتکار کے طورپر بھی ابھرے۔ 1963 میں شکوہ، 1964 میں خاموش رہو،1965میں پنجابی فلم اللہ دتہ، نظام لاہور نے کامیابی کے جھنڈے گاڑ دیئے۔

ریاض شاہد کی اداکارہ نیلو سے ملاقات فلم اللہ دتہ کی شوٹنگ کے دوران ہوئی جس کے بعد انہوں نے ایک دوسرے کو اپنا جیون ساتھی بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے شادی کر لی۔فلم ساز ریاض شاہد اور نیلو کے بطن سے ان کی ایک بیٹی زرقا اور دو بیٹے سروش اور شان پیدا ہوئے۔ ریاض شاہد نے 1966میں بدنام، مجبور باغی سردار، جواب دو کے نام سے فلمیں لکھیں جو انتہائی کامیاب رہیں۔ گنہگار، ماں باپ، زرقا، غرناطہ، یہ امن،بہشت، حیدر علی، فرنگی سمیت دیگر درجنوں کامیاب فلموں نے ریاض شاہد کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔ ان کی ایک ایک فلم نے بیک وقت 8،8ایوارڈ جیت کر ایک نئی تاریخ رقم کی۔ ریاض شاہد یکم اکتوبر 1972کوبلڈ کینسر کے عارضہ میں مبتلا ہونے کے بعد اپنے مالک حقیقی سے جا ملے۔