معروف لوک گلوکار عالم لوہارکی 46 ویں برسی منائی گئی

34

لاہور۔3جولائی (اے پی پی):نامور لوک گلوکار عالم لوہارکی46 ویں برسی منائی گئی۔ لوک گلوکار عالم لوہار یکم مارچ 1928 کو پیدا ہو ئے ، مخصوص لباس اور چمٹا ان کی پہچان بنا، ان کے معروف گیت’’ جگنی‘‘ کو عالمی سطح پر خوب پذیرائی ملی۔عالم لوہارنے فوک موسیقی میں نئی جہت روشناس کروائی، انہیں ’’ہیر وارث شاہ‘‘ گانے پر بے حد شہرت حاصل ہوئی،انہوں نے’’ ہیر وارث شاہ‘‘ کو 36 مختلف انداز میں گا کر ملک بھر میں مقبولیت حاصل کی۔عالم لوہار نے صوفیانہ کلام گانے میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ۔

انہوں نے پنجابی گیت واجاں ماریاں بلایا کئی وار، دل والا دکھڑا نہیں کسے نوں سنائی دا،موڈا مار کے ہلا گئی مینوں تے ہولی جنی سوری آکھ گئی،بول مٹی دیا باویا ،سیف الملوک ،قصہ کربلا اور جگنی گیت گا کر شہرت کی بلندیوں کو چھوا۔فوک گلو کار عالم لوہار3 جولائی 1979 کو 51 سال کی عمر میں اپنے خالق حقیقی سے جا ملے ۔ مرحوم کے گائے ہوئے صوفیانہ کلام آج بھی زبان زد عام ہیں ۔ عالم لوہارکی برسی کے موقع پر شوبز حلقوں کی جانب سے انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔