اسلام آباد۔23مئی (اے پی پی):معروف ماہر تعلیم اور پرنسپل پروفیسر وقاص عزیز کی تعلیم کے فروغ کیلئے کو خدمات خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے اسلام آباد ماڈل پوسٹ گریجویٹ کالج آف کامرس H-8/4 میں تعزیتی ریفرنس منعقد کیا گیا۔ پرنسپل پروفیسر وقاص عزیز منگل کے روز اچانک حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کر گئے تھے۔تعزیتی ریفرنس میں اسلام آباد کے مختلف کالجوں کے موجودہ اور ریٹائرڈ اساتذہ سمیت طلبہ کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔کالج ہال میں فضا غمگین تھی جب ساتھیوں، طلبہ اور دوستوں نے مرحوم پروفیسر کو خراج عقیدت پیش کیا۔
پروفیسر عبدالباسط نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم الفاظ میں اپنا دکھ بیان نہیں کر سکتے، یہ یقین کرنا مشکل ہے کہ پروفیسر وقاص عزیز اب ہمارے درمیان نہیں رہے، وہ ہر استاد، طالب علم اور غیر تدریسی عملے کے رکن کے لیے ہمیشہ معاون اور مددگار رہے۔ مختلف کالجوں کے پرنسپلز نے بھی ریفرنس میں شرکت کی اور دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ایجوکیشن کے سابق جوائنٹ سیکرٹری پروفیسر رفیق طاہر نے مرحوم کے اہل خانہ اور کالج کمیونٹی سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے پروفیسر وقاص عزیز کی تعلیمی خدمات کو سراہا۔
وفاقی گورنمنٹ کالج ٹیچرز ایسوسی ایشن (ایف جی سی ٹی اے) کے صدر پروفیسر اکرم خان کھوسہ نے تدریسی برادری کی جانب سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم مرحوم پروفیسر وقاص عزیز کے خاندان سے دلی تعزیت کرتے ہیں، ان کا نقصان ہمارے لیے ایک بڑا صدمہ ہے اور ہم اس مشکل وقت میں ان کے ساتھ ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=600715