نیویارک ۔ 7 اگست (اے پی پی) بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے کے اقدام سے افغانستان میں قیام امن کیلئے امریکی کوششو ں کیلئے خطرات پیدا ہو گئے ہیں۔ یہ بات معروف و بااثر امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل نے اپنی ایک رپورٹ میں کہی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت کے اس اقدام سے طالبان کے ساتھ امن معاہدہ کیلئے امریکی کوششوں کیلئے خطرات پیدا ہو گئے ہیں اخبار نے کہا ہے کہ بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی کے اس اقدام کا ایک عنصر پاکستانی وزیراعظم کے کامیاب دورہ واشنگٹن اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کشمیر کے مسئلے پر ثالثی کی پیشکش ہو سکتا ہے۔ اخبار کے مطابق بھارتی حکومت نے یہ اقدام ایک ایسے موقع پر کیا ہے جب طالبان کے ساتھ مذاکرات تقریباً حتمی اور نتیجہ خیز مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں۔