لاہور۔12جولائی (اے پی پی):معروف پاکستانی ٹیک انٹر پرینیور،سرمایہ کار اور انفارمیشن ٹیکنالوجی اسٹارٹ اپس کے سرپرست نعمان سعید نے اسٹیٹ بینک کی جانب سے برآمدی آئی ٹی کمپنیوں کو بیرون ملک اداروں میں حصص حاصل کرنے اور بیرون ملک مارکیٹنگ،رابطہ اور نمائندہ دفاتر قائم کرنے کی اجازت دینے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے آئی ٹی برآمدات میں اضافے کو ترغیب ملے گی ۔
اپنے دفتر میں ملاقات کیلئے آنے والے آئی ٹی کمپنیوں کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فیصلے کے مطابق بینکوں کو بیرون ملک مارکیٹنگ،رابطہ اور نمائندہ دفاتر کے قیام یا حصول اور ان کے سالانہ بجٹ کے آپریشنل اخراجات کی ترسیل کے لئے بیرون ملک ایکویٹی سرمایہ کاری کی اجازت بھی دی گئی ہے،اس کے علاوہ آئی ٹی شعبے میں کام کرنے والی کمپنیاں آف شور اپنے کاروبار کو وسعت دے کر برآمدات بڑھانے میں سہولت فراہم کرنے کے لئے مجاز ڈیلرز کو اجازت دی گئی ہے کہ وہ ماتحت اداروں کے قیام اور حصول کے لئے بیرون ملک ایکویٹی سرمایہ کاری کی اجازت دیں اور کسی ادارے میں ماتحت اداروں میں اضافی سرمایہ کاری کریں۔انہوں نے کہا کہ فارن ایکسچینج مینوئل کے باب20 کے پیرا 13 (2) اے کی شقوں پر نظر ثانی سے ایکسپورٹ پر مبنی کمپنیوں،خاص طور پر آئی ٹی سیکٹر میں کام کرنے والی کمپنیوں کو بیرون ملک اپنے قدم جمانے اور ملکی برآمدات میں اضافے میں مزید سہولت ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ اہم ترامیم سے آئی ٹی سیکٹر میں کام کرنے والی برآمدی کمپنیوں کے لئے ایک نئی ای آئی اے کیٹیگری اور ایکسپورٹرز سپیشل فارن کرنسی اکائونٹس سے ای آئی اے کے لئے فنڈز استعمال کرنے والے برآمد کنندگان کیلئے بینک کی پیشگی نامزدگی کی شرط کو ختم کردیا گیا ہے۔