لاہور۔19نومبر (اے پی پی):جگرکے عارضہ میں مبتلا معروف کامیڈین اور تھیٹر کے اداکار طارق ٹیڈی مختصر علالت کے بعد ہفتہ کے روزانتقال کرگئے ۔ طارق ٹیڈی کے بیٹے جنید کے مطابق ان کے والد طارق ٹیڈی کو سانس اور جگر کا عارضہ لاحق تھا۔ وہ پہلے نجی اسپتال میں داخل رہے مگر جگر کے مرض کے شدت اختیار کرنے کے بعد انہیں بیس روز قبل پنجاب کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ( پی کے ایل آئی) میں داخل کرادیاگیا۔
ان کے بیٹے جنید نے بتایا کہ چار روز قبل ان کے والد کی طبیعت سنبھل گئی تھی تاہم گذشتہ رات اچانک حالت غیر ہوگئی اور وہ ہفتہ کی صبح و فات پا گئے۔طارق ٹیڈی نے سوگواران میں ایک بیٹا اور دو بیٹیاں چھوڑی ہیں۔
وزیر ثقافت پنجاب ملک تیمور مسعود نے طارق ٹیڈی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طارق ٹیڈی تھیٹر کے بہترین اداکار تھے،سٹیج پر ان کی پرفارمنس کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔ملک تیمور مسعود نے کہا کہ ان کے انتقال پر دلی دکھ اور رنج ہوا،حکومت پنجاب سوگواران کے غم میں برابر کی شریک ہے۔