ڈیرہ مراد جمالی ۔ 27 ستمبر (اے پی پی):معروف گلوکارہ حدیقہ کیانی نے سیلاب سے متاثرہ بلوچستان کے ضلع نصیرآباد کے تحصیل چھتر کے گوٹھ کنڈی میں 270 گھر تعمیر کرکے سیلاب متاثرین کے حوالے کردیئے ،مکانات ملنے پر سیلاب متاثرین کی خوشی دیدنی تھی مقامی لوگوں نے حدیقہ کیانی فرنٹیر کور 72 ونگ کے کرنل احمد خان کا گوٹھ کنڈی پہنچنے پر والہانہ استقبال کیا اور انہیں گلدستے پیش کئے نصیرآباد میں گزشتہ سال آنے والے سیلاب کے نتیجے میں ہزاروں لوگ بے گھر ہوگئے تھے معروف گلوکارہ حدیقہ کیانی نے سیلاب متاثرین کے لئے وسیلہ راہ کے نام سے امدادی مہم شروع کر رکھی تھی ۔
حدیقہ کیانی نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں سیلاب متاثرین کو اکیلا نہیں چھوڑا ہم نے پاکستانیوں اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی مدد سے فنڈ جمع کرنے کے لئے مہم چلائی سروے کرکے سیلاب متاثرین کے لئے پہلے ایف سی 72 ونگ کے تعاون سے تحصیل تمبو کے علاقے میں سو گھر تعمیر کیئے اس کے بعد تحصیل چھتر کے گوٹھ کنڈی میں سیلاب سے تباہ حال گوٹھ کا سروے کرکے 270 گھر ، ڈسپسنری ، میٹرنٹی سینٹر اور مسجد تعمیر کیا گیا ہے
ان مکانات کی تعمیر کے لئے ہمارے ساتھ فرنٹئیر کور 72 ونگ کے کمانڈنٹ کرنل احمد خان اور اس کی ٹیم کا بھی ساتھ رہا ہے جن کے تعاون کی بدولت ہم ان مکانات کی تعمیر میں کامیاب ہوئے ہیں اس موقع پر بھنگر قبیلے کے مقدم سابق اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ مراد جمالی حاجی غلام حسین بھنگر اور حاجی اسرار بھنگر بھی موجود تھے تقریب کے آخر میں حدیقہ کیانی کی جانب سے لائے گئے کھلونے،گڑیا،ببیٹ بال،اور کھانے کا سامان بچوں میں اور 29 ایکائی مشینیں خواتین میں تقسیم کیئے گئے۔