اسلام آباد۔13اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل چوہدری سالک حسین نے کہا ہے کہ معرکہ حق ایک تازہ باب ہے اس طویل داستان کا جو 1947ء سے شروع ہوئی اور آج بھی لکھی جارہی ہے، یہ محض ایک فوجی فتح نہیں بلکہ اس نظریے کی فتح تھی جس پر پاکستان کی بنیاد رکھی گئی تھی،
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی دور اندیش اور حکمت عملی پر مبنی قیادت میں بھارتی جارحیت کو ناکام بنایا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے بدھ کو یہاں ورکرز ویلفیئر فنڈز(ڈبلیو ڈبلیو ایف) کے زیراہتمام یوم آزادی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا کہ آج کی یہ تقریب نہ صرف معرکہ حق کے یادگار موقع کی عکاس بلکہ پاکستان کے 78 ویں یوم آزادی کا جشن ہے، ہماری تاریخ کا ہر روشن باب اور فتوحات اتحاد، قربانی اور یقین محکم کی اقدار پر استوار ہیں، پاکستان کی بقا اور عزت محض سرحدی لکیروں کا نام نہیں بلکہ ایک زندہ نظریے کا تسلسل ہے۔انھوں نے کہا کہ دشمن نے ہماری خود مختاری کو للکارا تو ہماری افواج نے بتادیا کہ پاکستان امن پسند ضرور ہے مگر کمزور نہیں،
یہ وہ لمحہ تھا جب صرف ہتھیاروں نے نہیں بلکہ عزم، نظم و ضبط اور ایمان کی طاقت نے فیصلہ کن کردار ادا کیا،یہ کامیابی تین عناصر کا نتیجہ تھی جس میں قیادت کی حکمت، افواج کی جرات، اور قوم کی دعائیں و مکمل حمایت شامل ہے، جب قوم اور فوج ایک ہو جائیں تو دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ 1947ء میں ہمارے بزرگوں نے جو قربانیاں دیں وہ سبق دیتی ہیں کہ آزادی ایک نعمت ہے مگر اس کا تحفظ ایک ذمہ داری ہے جو ہر نسل کو نبھانی ہے، آج نوجوانوں کو دیکھ کر میرا یقین اور مضبوط ہو جاتا ہے کہ پاکستان کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے،
نوجوانوں کی تعلیم، کردار اور سوچ پاکستان کی تقدیر کا تعین کرے گی۔انھوں نے کہا کہ ترقی یافتہ قومیں صرف مادی وسائل سے نہیں بنتیں بلکہ اپنے نوجوانوں کی اخلاقی اور فکری طاقت سے بنتی ہیں، اگر آپ علم، دیانت اور حب الوطنی کو اپنا شعار بنالیں تو دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو ترقی سے نہیں روک سکتی، جب قوم، فوج اور قیادت ایک صف میں کھڑے ہوں تو کوئی چیلنج ناقابل عبور نہیں رہتا، ہمیں اپنے سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر اس اتحاد کو برقرار رکھنا ہوگا کیونکہ دشمن ہمیشہ ہماری صفوں میں دراڑ ڈالنے کی کوشش کرتا ہے۔
چوہدری سالک حسین نے کہا کہ آج کے دن آئیے ہم سب مل کر یہ عہد کریں کہ ہم پاکستان کی خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، ہم اپنی مسلح افواج کی غیر مشروط حمایت بالخصوص فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی حفاظت اور رہنمائی کے لیے دعا گو رہیں گے، اللہ تعالی پاکستان کو اپنے حفظ وامان میں رکھے اور ہماری سرحدوں کو مضبوط کرے، ہمیں اتحاد، قربانی اور انصاف کے اصولوں پر قائم رکھے۔