24.4 C
Islamabad
پیر, ستمبر 1, 2025
ہومقومی خبریںمعرکہ حق میں کامیابی، پاکستان کا ابھرتا ہوا عالمی تشخص اور سفارتی...

معرکہ حق میں کامیابی، پاکستان کا ابھرتا ہوا عالمی تشخص اور سفارتی کامیابیاں، عسکری قوت اور سفارتی حکمت عملی کے حسین امتزاج کی عکاس

- Advertisement -

اسلام آباد۔1ستمبر (اے پی پی):معرکہ حق میں کامیابی کے بعد پاکستان نے اپنی عسکری قوت اور سفارتی حکمتِ عملی کے امتزاج سے دنیا کو یہ باور کرایا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار، امن دوست اور علاقائی استحکام لانے والا ملک ہے ،وہ اپنی سلامتی اور خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا ۔ پیر کو جاری تفصیلات کےمطابق معرکہ حق میں کامیابی نے پاکستان کو نہ صرف عسکری بلکہ سفارتی میدان میں بھی ایک باوقار اور ذمہ دار ریاست کے طور پر منوایا ہے ،دشمن کی بلااشتعال جارحیت کے خلاف جرأت مندانہ اور مؤثر جواب نے پاکستان کو ایک ناقابل تسخیر قوت بنا یا ، اس کامیابی کے بعد حکومت و عسکری قیادت نے مل کر عالمی سطح پر پاکستان کے بیانیے کو اجاگر کیا۔

اہم ممالک کے دوروں کے ذریعے دفاعی، معاشی اور تزویراتی شراکت داریوں کو نئی جہت دی گئی۔ امریکہ نے پاکستان کے کردار کو تسلیم کیا اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کو ایک امن پسند اور ذمہ دار ملک قرار دیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے امریکہ کے دو اہم دوروں کے دوران وائٹ ہاؤس میں ان کے اعزاز میں پرتکلف ضیافت دی گئی۔ امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ جنرل مائیکل کوریلا نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی فوجی تعاون مضبوط بنانے میں ان کے کردار کی تعریف بھی کی ۔ حکومتی سطح پر وزیراعظم شہباز شریف نے بھی کئی اہم غیر ملکی دورے کئے۔ 25 مئی 2025 کو وزیراعظم نے استنبول میں ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کی اور علاقائی سلامتی و انسداد دہشت گردی پر تبادلہ خیال کیا۔

- Advertisement -

پاکستان اور ایران کے درمیان وسیع البنیاد تعاون کی بنیاد پر وزیراعظم پاکستان نے 26 مئی کو ایران اور ایرانی صدر نے 3 اگست کو پاکستان کا دورہ کیا ۔ 27 اور 28 مئی کو وزیراعظم نے آذربائیجان کا دورہ کیا جہاں توانائی، بنیادی ڈھانچے اور دفاعی تعاون پر معاہدے ہوئے۔ 29 اور 30 مئی کو وزیراعظم تاجکستان میں گلیشیئر کانفرنس میں شریک ہوئے اور تجارت، توانائی اور موسمیاتی تبدیلی پر گفتگو ہوئی ۔ 5 سے 12 جون تک وزیراعظم نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا جس میں معاشی تعلقات اور سرمایہ کاری زیر غور رہے ۔ 30 اور 31 جولائی کو پاکستان اور امریکہ کے درمیان ایک تاریخی تجارتی معاہدہ طے پایا ۔

امریکہ کے ساتھ معاہدے میں تیل کے ذخائر کی ترقی، ٹیرف میں کمی اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر میں تعاون شامل تھا۔ 14 اگست کو امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے پاکستان کے ساتھ اس تعاون کو مزید وسعت دینے کا اعلان کیا۔وزیراعظم شہباز شریف اس وقت چین کے شہر تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں شریک ہیں۔ تیانجن میں وزیراعظم شہباز شریف کی ترک صدر سے بھی ملاقات ہوئی جبکہ دیگر اہم ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی سفارتی سطح پر مؤثر کردار ادا کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے بھی عالمی سطح پر پاکستان کا مؤقف اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ 30 مئی سے 9 جون 2025 تک بلاول بھٹو زرداری نے امریکہ میں اعلیٰ سطحی وفد کی قیادت کی۔

بلاول بھٹو زرداری نے اپنے وفد کے ہمراہ بھارتی پروپیگنڈے کو بے نقاب کیا اور پاکستان کے موقف کو مضبوط انداز میں پیش کیا ۔بلاول بھٹو زرداری نے 10 جون کو لندن میں آل پارٹی پارلیمانی گروپ اور برسلز میں یورپی یونین کے نمائندوں سے ملاقات میں پاکستان کے سفارتی نقطہ نظر پر بریفنگ دی۔ جون میں پاکستان کو اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل سے منسلک دو اہم کمیٹیوں میں کلیدی عہدے بھی دیئے گئے۔

پاکستان کی بہترین حکومتی اور عسکری ڈپلومیسی کے باعث بھارت کی پاکستان کو گرے لسٹ میں شامل کرنے کی کوششیں ناکام ہوئیں ۔ پاکستان نے اپنی عسکری قوت اور سفارتی حکمتِ عملی کے امتزاج سے دنیا کو یہ باور کرایا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار، امن دوست اور علاقائی استحکام لانے والا ملک ہے، پاکستان اپنی سلامتی اور خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا ، حکومت اور عسکری قیادت کی مربوط حکمتِ عملی نے پاکستان کی عالمی پوزیشن کو مضبوط بنایا اور دنیا کو پاکستان کی قربانیوں، بصیرت اور وژن کو تسلیم کرنے پر راغب کیا۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں