چیئرمین مرکزی روئت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا سید محمد عبدالخبیرآزاد نے کہا ہے کہ22اپریل 2025کو مقبوضہ کشمیر کے علاقہ پہلگام میں بھارت نے جھوٹا ڈرامہ پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کیلئے کیا،بھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستان نے 10مئی 2025کو آپریشن بنیان مرصوص کا آغاز کیا،اللہ تعالی نے افواج پاکستان کو تاریخی فتح سے ہمکنار کیا
معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر پوری قوم فتح کا تشکر منا رہی ہے،مولانا سید محمد عبدالخیر آزاد
لاہور۔10مئی (اے پی پی):چیئرمین مرکزی روئت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا سید محمد عبدالخبیرآزاد نے کہا ہے کہ22اپریل 2025کو مقبوضہ کشمیر کے علاقہ پہلگام میں بھارت نے جھوٹا ڈرامہ پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کیلئے کیا،بھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستان نے 10مئی 2025کو آپریشن بنیان مرصوص کا آغاز کیا،اللہ تعالی نے افواج پاکستان کو تاریخی فتح سے ہمکنار کیا،الحمد اللہ فتح معرکہ حق بنیان مرصوص کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر پوری قوم فتح کا جشن و تشکر منا رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹائون ہال لوئر مال لاہور میں معرکہ حق بنیان مرصوص و استحکام پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کانفرنس کا موضوع فتح معرکہ حق بنیان مرصوص کے ایک سال مکمل ہونے پر اپنی بہادر مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرنا،مشرق وسطی کشیدگی کے خاتمے میں پاکستان کا عظیم کردار،ملک میں قیام امن،استحکام پاکستان،قومی یکجہتی،ہم آہنگی اور پیغام پاکستان کا فروغ تھا۔
کانفرنس کی صدارت چیئرمین مرکزی ریت ہلال کمیٹی پاکستان ،خطیب وامام بادشاہی مسجد لاہور مولانا سید محمد عبدالخبیرآزاد نے کی ،جبکہ کانفرنس کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور پنجاب سردار رمیش سنگھ آروڑہ تھے۔اس موقع پر کمشنر لاہور مریم خان،سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ،ڈی آئی جی لاہور محمد فیصل کامران ودیگر انتظامی افسران بھی موجو د تھے۔کانفرنس میں تمام مکاتب فکرکے جید علما کرام و مشائخ عظام،لاہور کے ڈسٹرکٹ و ڈویژنل ممبران امن کمیٹی،زونل ایڈمنسٹریٹر اوقاف لاہور شاہد حمید ورک اور معروف سماجی شخصیات نے شرکت و خطاب کیا،
جن میں مفتی ڈاکٹر انتخاب نوری،بشپ ندیم کامران،علامہ زبیراحمد ظہیر،مفتی اسد عبید،مولانا اسد اللہ فاروق،علامہ کاظم رضا نقوی،مفتی رمضان سیالوی،قاضی عبدالغفار قادری،پنڈت بھگت لعل،مفتی فتح محمد راشدی،ڈاکٹر مختار احمد ندیم،حافظ عبداللہ مدنی،حافظ طاہر محمود قصوری،مفتی کریم خان،مولانا عزیز الرحمن ثانی،پیر عثمان نوری،مفتی عاشق حسین،مولانا عبدالستار نیازی،علامہ نعیم بادشاہ،مفتی محمد احمد،مفتی شفیق اعوان،قاری ابو بکر قصوری،مولانا عبیداللہ قادری،صاحبزادہ سید محمد عبدالقدیر آزاد،صاحبزادہ سید محمد عبدالبصیر آزاد،صاحبزادہ سید محمد عبدالرزاق آزاد،صاحبزادہ سید محمد عبدالرازق آزاد،پیر محمد شاہ حسین محمدی و دیگر علما کرام شامل ہیں۔
کانفرنس کے شرکاء سے مولانا آزاد نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کی فضائیہ نے آپریشن بنیان مرصوص میں بھارتی جنگی طیاروں کو کامیابی سے نشانہ بنایا،رافیل سمیت آٹھ جنگی طیارے گرا کر دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔انہوں نے کہاکہ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی قائدانہ صلاحیتوں،کامیاب ملٹری ڈپلومیسی اورعالمی امن کیلئے کاوشوں کو پوری دنیا میں سراہا جا رہا ہے،پوری قوم شہدا پاکستان معرکہ حق بنیان مرصوص کی عظیم تاریخی فتح پر افواج پاکستان کی لازوال قربانیوں کو سلام و خراج تحسین پیش کرتی ہے، وطن عزیز پاکستان اللہ تعالی کی نعمت عظمی ہے،پاکستان عالم اسلام کا قلعہ اوراس کا دفاع ہر آنے والے دن کے ساتھ مضبوط ہورہا ہے،ہمیں اپنی قیادت اور پاک افواج پر ناز ہے جس نے پاکستان کو ناقابل تسخیر بنا دیا۔
مولانا آزاد نے کہا کہ امت مسلمہ کے عظیم سپہ سالار حافظ سید محمد عاصم منیر کی قیادت میں افواج پاکستان نے دشمن کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور اور اس کا غرور خاک میں ملا دیا،فتح معرکہ حق بنیان مرصوص کی کامیابی پاکستان پر اللہ تعالی کا انعام ہے،جس پر ہم اللہ تعالی کا شکراداکرتے ہیں،وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی مشرق وسطی کشیدگی کے خاتمے اور امن مذاکرات کے حوالے سے کردار قابل تحسین ہے۔سردار رمیش سنگھ آروڑہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر امن کامرکز بن کر ابھرا اورمودی آج پوری دنیا میں رسوا ہورہا ہے،بھارت اقلیتوں پر ظلم ڈھارہا ہے جبکہ پاکستان کا بچہ بچہ ملکی سلامتی و دفاع کیلئے تیار ہے،ہم ایک متحد قوم بن کرہی دشمن کو شکست دے سکتے ہیں،ہم دشمن کی ہرچال کو سمجھتے ہیں۔
کانفرنس سے دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فتنہ الخوارج و فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے تمام علما کرام اور پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ آخرمیں تمام شرکاء نے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر افواج پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کی اور پاکستان کا سبز ہلالی پرچم اٹھا کر وطن سے محبت کا اظہار کیا،اسلام زندہ باد،پاکستان زندہ باد،افواج پاکستان پائندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے جس سے پورا ہا ل گونج اٹھا۔کانفرنس کے اختتام پر ملکی سلامتی،ترقی و خوشحالی،استحکا م پاکستا ن،حرمین شریفین کی حفاظت،عالم اسلام کے اتحاد،مقبوضہ کشمیر، غزہ و فلسطین کی آزادی اور ایران کے مسلمانوں کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔









