30.8 C
Islamabad
جمعہ, مئی 30, 2025
ہومتازہ ترینمعرکہ حق کی فتح کےبعدپاکستان کی بین الاقوامی اہمیت میں اضافہ ہواہے،یوم...

معرکہ حق کی فتح کےبعدپاکستان کی بین الاقوامی اہمیت میں اضافہ ہواہے،یوم تکبیر ہماری قومی فتح کا دن ہے،عطاء اللہ تارڑ

- Advertisement -

لاچین ۔28مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ معرکہ حق کی فتح کے بعد پاکستان کی بین الاقوامی اہمیت میں اضافہ ہوا ہے، آذربائیجان کے عوام نے اس کامیابی پر جشن منایا، یوم تکبیر ہماری قومی فتح کا دن ہے۔ بدھ کے روز دورہ آذربائیجان کے دوران میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص میں شاندار کامیابی ہوئی جس پر پوری قوم شکر گزار ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اس دورہ پر موجود ہیں، آذری اور ترک عوام نے ہماری فتح پر بہت خوشیاں منائیں، ہمارے آج سہ فریقی مذاکرات اور بات چیت ہوگی، دونوں ممالک کے ساتھ ہمارے سٹریٹجک تعلقات ہیں، اس سے پہلے ہم ترکیہ اور ایران گئے اور آج یہاں آذربائیجان میں موجود ہیں، آج آذربائیجان کا یوم جمہوریہ اور پاکستان کا یوم تکبیر ایک ساتھ منایا جا رہا ہے، یہاں ایک جشن کا سماں ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ کل وزیراعظم شہباز شریف نے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف اور عوام کا بھرپور حمایت پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے، پاکستان کے حوالے سے یہاں بڑا جذبہ پایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی متحرک سفارت کاری نے پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر نئی شناخت دی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ معرکہ حق میں پاکستان حق و سچ پر تھا اور دنیا نے پاکستان کے موقف کو تسلیم کیا۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ آج یوم تکبیر اور یہاں کے ریپبلک ڈے کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف، ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور آذربائیجان کے صدر الہام علیوف اکٹھے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے مشرقی ہمسایہ ملک کا شکست خوردہ وزیراعظم اپنی خفت مٹانے کے لئے غیر ذمہ دارانہ بیانات دے رہا ہے لیکن دنیا پاکستان کو سراہ رہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی سفارتی کاوشوں کے باعث عالمی سطح پر پاکستان کے تعلقات مستحکم ہو رہے ہیں جبکہ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے جلد وفود کی سطح پر مزید ملاقاتیں ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ آذربائیجان کے صدر دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ، آذربائیجان اور پاکستان کے عوام، حکومتیں اور قیادت آپس میں ہم آہنگ ہیں اور ایک دوسرے کی خوشی میں شریک ہوتے ہیں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=602375

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں