اسلام آباد۔19مئی (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی شیخ آفتاب نے معرکہ حق کی کامیابی پر پوری قوم اور افواج پاکستان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ جس طرح ہماری فضائیہ اور افواج نے بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کو دنوں میں نہیں گھنٹوں میں کامیابی دلائی اس پر ہم اپنی افواج کو سلام پیش کرتے ہیں۔ قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قوموں کی تاریخ میں ایسے واقعات آتے ہیں جن پر اقوام فخر کرتی ہیں، ہمارا ایمان ہے کہ ایسے معرکہ میں میں جو مارا جائے وہ شہید اور جو واپس آ جائے وہ غازی ہوتا ہے اور پاکستان کی تاریخ میں معرکہ حق میں جو کامیابی ملی ہے وہ پوری قوم کے اتحاد اور افواج پاکستان کے دفاع وطن کی علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ نریندر مودی اور پنڈت جواہر لعل نہرو کی سوچ ایک جیسی ہے جو تقسیم ہند کے حق میں نہیں تھے۔ اس ہندتوا کی سوچ پر بھارت نے کشمیر پر اپنا غاصبانہ غیر قانونی قبضہ جما رکھا ہے اور بھارت چالاکی اور ہوشیاری سے اقوام عالم کی آنکھوں میں دھول جھونکتا آ رہا ہے تاکہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل نہ ہو۔ شیخ آفتاب نے کہا کہ قیام پاکستان کے وقت مشکل اور نامساعد حالات تھے قوموں کی تاریخ میں ایسے حالات میں ہی لیڈر پیدا ہوتے ہیں۔
قائداعظم محمد علی جناح کے بعد اللہ تعالیٰ نے اس قوم کو شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محمد نوازشریف جیسے لیڈر دیئے جن کی دور اندیشی نے ملک کے دفاع کوناقابل تسخیر بنا دیا ،آج پوری قوم یکجان ہے ہمیں چاہئے کہ قوم کے اتحاد کو آگے لیکر چلیں تاکہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو افواج پاکستان کی مہارت پر فخر ہے جنہوں نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا ،اگر مودی نے دوبارہ ایسی کوئی بھی شرارت کی تو اسے اس سے بھی بڑا جواب ملے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=599016