راولپنڈی۔30مئی (اے پی پی):آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ”معرکہ حق” کی کامیابی ہمارے قومی عزم اور تمام قومی قوتوں کے درمیان مکمل ہم آہنگی کا منہ بولتا ثبوت ہے، پاکستان کو کبھی دبایا نہیں جا سکتا، پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے والے مذموم عزائم کو پوری قوت سے ناکام بنایا جائے گا۔
جمعہ کو آ ئی ایس پی آر سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نشان امتیاز (ملٹری) نے کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سٹوڈنٹ افسران اور فیکلٹی سے خطاب کیا۔آپریشن ’بنیان مرصوص‘ کے شہداء کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اور ان کے اہل خانہ سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ قومی قیادت کے زیر سایہ پاکستانی عوام مادر وطن کے دفاع کے لیے فولادی دیوار بن گئے۔ پاک افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے آرمی چیف نے اعادہ کیا کہ "معرکہ حق” کی کامیابی ہمارے قومی عزم اور تمام قومی قوتوں کے درمیان مکمل ہم آہنگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
عالمی اور علاقائی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے ابھرتے ہوئے تنازعات کی نوعیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے خاص طور پر بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف بلااشتعال فوجی جارحیت کے بڑھتے ہوئے رجحان کو خطرناک قرار دیا۔ کسی بھی قسم کی جارحیت کو شکست دینے کے عزم اور مکمل صلاحیت کا اظہار کرتے ہوئے آرمی چیف نے واضح کیا کہ پاکستان کو کبھی دبایا نہیں جا سکتا اور پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے والے مذموم عزائم کو پوری قوت سے ناکام بنایا جائے گا۔
جنوبی ایشیا میں سٹریٹجک استحکام کے لیے انہوں نے اقوام متحدہ کے تسلیم شدہ دیرینہ مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کی ضرورت پر زور دیا اور بھارت کی جانب سے نام نہاد ‘آبی دہشت گردی’ کو غیرقانونی اور ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے خبردار کیا۔بھارت کی ریاستی سطح پر پاکستان کے اندر دہشت گردی کی پشت پناہی کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے آرمی چیف نے ملک گیر انسداد دہشت گردی مہم کو ایک نئی روح کے ساتھ جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا اور یقین دلایا کہ دہشت گردی کی تمام اقسام اور مظاہر کے خلاف قومی جنگ اپنے منطقی انجام اور کامیابی تک ضرور پہنچے گی۔
قیادت کے موضوع پر بات کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے زیر تربیت افسران کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں مکمل دیانت، جوش و جذبے اور عزم کے ساتھ ادا کریں۔ تخلیقی سوچ اور تحقیق کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ کی ان کوششوں کو سراہا جو وہ آئندہ کے فوجی قائدین کی اعلیٰ پیشہ ورانہ تربیت کے لیے کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ تربیت نہ صرف موجودہ حالات کی عکاسی کرے بلکہ ہمیں مستقبل کے میدان جنگ کے لیے بھی تیار کرے جو ایک ایسا میدان ہے جس میں پھرتی، اختراع اور اٹل عزم کی ضرورت ہے۔قبل ازیں کوئٹہ آمد پر کمانڈر کوئٹہ کور اور کمانڈنٹ کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ نے ان کا استقبال کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=603559