
مظفر آباد۔5جون (اے پی پی):سپیکر قانون ساز اسمبلی سینئر پارلیمنٹرین چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ معزز ایوان کا تقدس اور ممبران اسمبلی کو اعتماد سازی کے عمل میں شریک رکھنا میری ترجیحات میں شامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنے چیمبر میں وزراء ، ممبران اسمبلی ،سیاسی سماجی ،کاروباری شخصیات اور عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سے عقیدت ،تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی اورعوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ہمارا مشترکہ ایجنڈا ہے،انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نئی حکومت قائم ہونے کے بعد مہنگائی کی شرح اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے عوام نے کسی حد تک سکھ کا سانس لیا ہے ،بجٹ میں اور بریک تھرو ہو گا جس کے اثرات آزاد کشمیر پر بھی مرتب مرتب ہوں گے۔
چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہر دور میں عوام کے ساتھ اپنے مظبوط رشتے کو کمزور نہیں ہونے دیا۔ انہوں نے کہا کہ آنے والی نسلوں کے خوشحال مستقبل کیلئے ہمیں مل کر منصوبہ بندی کرنا ہو گی،اب محض اعلانات اور کھوکھلے نعروں سے عوام کو نہیں ٹرخایا جا سکتا ،پیپلز پارٹی نے عوام کو ان کے حقوق انکی دہلیز پر فراہم کرنے کا بیڑہ اٹھایا ہوا ہے۔