لاہور۔16دسمبر (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نوازنے سانحہ آرمی پبلک سکول کے شہدا کوخراج عقیدت پیش کیا اورکہا کہ سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کو دس سال گزر چکے لیکن دکھ آج بھی زندہ ہیں۔ 16دسمبر 2014کی سیاہ صبح ہر پاکستانی کے دل پر نقش ہے-دہشت گردوں نے 147 معصوم بچوں اور ان کے اساتذہ کو سفاکیت کا نشانہ بنایا۔
ننھے طلبہ جو علم کی روشنی سے اس ملک کے مستقبل کو روشن کرنا چاہتے تھے،درندگی کی نذر ہوگئے۔انہوں نے کہا کہ سانحہ 16دسمبرصرف سکول پر ہی نہیں بلکہ انسانیت، تعلیم اور پاکستان کے روشن مستقبل پر حملہ تھا۔ معصوم طلبہ اور اساتذہ کی قربانی نے ہمیں یہ سبق دیا کہ دہشت گردی کا خاتمہ ہر صورت ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہاکہ اے پی ایس شہدا ہماری قوم کے ہیرو ہیں۔سانحہ اے پی ایس کے والدین اور اہل خانہ کا حوصلہ اور صبر قابل تحسین ہے۔سانحہ اے پی ایس کے شہدا کا خواب بہتر پاکستان تھا، ہماری ذمہ داری ہے اسے حقیقت میں بدلیں۔دہشت گردی کے خلاف جنگ جیت کرکے ہی دم لیں گے۔