معطل ریلوے روٹس کی بحالی کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں ،وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق

84

کوئٹہ۔16ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ بلوچستان میں حالیہ سیلاب اور بارشوں سے ریلوے کو بہت زیادہ نقصان پہنچا ہے، معطل ریلوے روٹس کی بحالی کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں، کوئٹہ تفتان ریل ٹریک 30 ستمبر تک بحال کردیں گے۔

جمعہ کو یہاں کوئٹہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ بارش اور سیلاب سے ریلوے نیٹ ورک بری طرح متاثر ہوا ہے،ڈیرہ اللہ یار سے جیکب آباد تک گیارہ کلومیٹرز ریلوے ٹریک پانی میں ڈوبا ہوا ہے ، سیلاب کے باعث کوئٹہ تفتان ریل ٹریک 104 مقامات سے متاثر ہوا ہے جس کو 30 ستمبر تک بحال کردیں گے۔متاثرہ علاقوں میں سیلاب اور بارش کا پانی جیسے ہی کم ہوا مرمت کا کام شروع کردیا جائے گا،ایف سی ، این ایل سی اور آرمی کے تعاون سے متاثرہ ریلوے پٹری کی بحالی میں مصروف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ ریلوے اسٹیشن کی اپ گریڈیشن ترجیح ہے ،گوادر میں بھی ریلوے آفس قائم کیا جارہا ہے ۔ ایک سوال پر وفاقی وزیر نے کہا پانچ روز سے سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریلوے نظام کو پہنچنے والے نقصان کا جائزہ لے رہے ہیں ۔

تاریخ میں پاکستان ریلوے کو کبھی اس قدر نقصان کا سامنا نہیں ہوا تاہم پرعزم ہیں کہ دن رات ایک کرکے ریلوے سروس کو بحال کرکے عوامی مشکلات کا ازالہ کریں گے، پریس کانفرنس میں وفاقی سیکرٹری ریلوے اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے ۔