اسلام آباد۔28ستمبر (اے پی پی):نگراں وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق خلیل جارج نے کہا ہے کہ معلومات تک رسائی ہر بندے کا اولین اور بنیادی حق ہے، آئین پاکستان میں بنیادی انسانی حقوق کو اولین ترجیح دی گئی ہے، اپنے مختصر نگران دور میں پوری کوشش ہوگی کہ دکھی انسانیت کے کام آیا جائے اور مظلوم کو ظالم کے ظلم سے نجات دلائیں۔
انھوں نے یہ بات جمعرات کو یہاں "معلومات تک رسائی کے عالمی دن” کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ خلیل جارج نے کہا کہ بطور شہری ہمیں اپنے حقوق اور ذمہ داریوں کا پتہ ہی نہیں ہے، بہت کم لوگوں کو اپنے حقوق کا علم ہے جبکہ بطور شہری ہم اپنے حقوق اور ذمہ داریوں سے بھی غافل ہیں۔
وفاقی وزیر نے ملک میں رونما ہونے والے انسانی حقوق کی پامالیوں کے حوالے سے کہا کہ ان کی وزارت ہمیشہ مظلوم کے ساتھ کھڑی ہے، جہاں پر ظلم ہو رہا ہے تو بطور انسان ہم سب کی ذمہ داری بنتی ہے کہ ظلم کو روکیں ۔