معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے تربیت یافتہ اساتذہ ضروری ہیں، وفاقی وزیر تعلیم کا اکیڈمک ایکسی لنس ایوارڈ تقریب سے خطاب

304

اسلام آباد۔5اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت رانا تنویرحسین نے کہا ہے کہ تعلیم کے بغیر کوئی بھی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا ، معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے تربیت یافتہ اساتذہ ضروری ہیں۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے بدھ کو اساتذہ کے عالمی دن کے موقع پر اکیڈمک ایکسی لنس ایوارڈ تقریب سے خطاب کرتےہوئے کیا۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ یوم اساتذہ پر سب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ، ایسی تقریبات ہر سال ہونی چاہئے ۔ انہوں نے اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ اساتذہ اپنے فرائض سے بخوبی آگاہ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ میں جب سے پریکٹیکل لائف میں آیا ہو ں، ہمیشہ اپنے اساتذہ کی عزت کی اور آج جو میں نے یہ مقام حاصل کیا ہے وہ میرے اساتذہ کا مرہون منت ہے۔ ہمیں اپنا کام ایمانداری سے کرناچاہیے اور رشوت جیسی لعنت سے بھی بچنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ میں اساتذہ کو بتانا چاہتا ہوں کہ میں اساتذہ کا بہت احترام کرتا ہوں کیونکہ ان کا مقام سب سے اونچا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ ماں کی گود بچے کی پہلی درسگاہ ہوتی ہے اور یہ اساتذہ ہی ہوتے ہیں جو ہمارے بچوں کو اعلی مقام تک پہنچاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے بغیر کوئی بھی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا ، معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے تربیت یافتہ اساتذہ ضروری ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اساتذہ کے بغیر کوئی بھی شعبہ ترقی نہیں کرسکتااور مہارتیں اساتذہ کی تربیت کےبغیر نامکمل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جن اساتذہ نے محنت اورایمانداری سے کام کیا آج بھی ان کا نام ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہمیں روایتی تعلیم سے ہٹ کر آگے کاسوچنا ہو گا اس کے لئے اساتذہ کی عالمی شہرت یافتہ تعلیمی اداروں سے ٹریننگ کروانی چاہیے۔اس موقع پر انہوں نے پارلیمانی سیکرٹری برائے تعلیم زیب جعفر کی تعریف کرتےہوئے کہاکہ وہ بڑی محنت اور لگن سے کام کررہی ہیں۔

سیاست میں اس طرح کےلوگوں کی ضرورت ہے۔ تقریب کے اختتام پر اپنے شعبے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اساتذہ کرام کواسناداور ایوارڈ بھی دیئے۔ اس موقع پر مختلف کالجوں کے پرنسپلز،اساتذہ ، ڈائریکٹر جنرل وفاقی نظامت تعلیمات اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔