سرگودہا ۔ 17 اپریل (اے پی پی):سابق وزیر مملکت چوہدری حامد حمید نے فورٹے کالج آف ایکسیلنس سرگودہا کیمپس کا دورہ کیا۔ انہوں نے نوقیام شدہ کالج کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی جائزہ لیا اور کالج قیام کے اغراض و مقاصد، فیکلٹی اور نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں بارے آگاہی لی۔ اس موقع پر وائس پریزیڈنٹ کنٹونمنٹ بورڈ عمران گھمن بھی ان کے ہمراہ تھے۔ کالج آمدپرچیئرمین پروفیسر حامد یونس خان نے پرنسپل/مینیجنگ ڈائریکٹر پروفیسر محمد رضوان و دیگر فیکلٹی ممبران کے ہمراہ ان کااستقبال کیا۔ چوہدری حامد حمید کا کہنا تھا کہ معیار تعلیم اور شرح خواندگی میں اضافے میں نجی تعلیمی اداروں کی کاوشیں اہم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی معاشرہ اچھی اور معیاری تعلیمی سہولیات کے بغیر ترقی و خوشحالی کی منازل طے نہیں کرسکتا۔ فورٹے کالج آف ایکسیلنس کا قیام خوش آئند اور نجی کالجز کے گل دستہ میں خوبصورت پھول کا اضافہ ہے۔سرگودہاوقریبی علاقوں کے طلباءو طالبات کو معیاری و جدید تعلیم اب ان کی دہلیز پر دستیاب ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کالج انتظامیہ کی جانب سے اعلیٰ تعلیم یافتہ فیکلٹی اور کیمپس میں جدید ترین سہولیات کی فراہمی نہایت خوش آئند ہے اس سے نہ صرف طالب علموں کی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا بلکہ انہیں اعتماد کے ساتھ آگے بڑھنے کا حوصلہ بھی ملے گا۔
اس موقع پرچیئرمین پروفیسر حامد یونس خان نے دونوں مہمانوں کا کالج آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں سوینئرپیش کیے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=583560