معیشت میں مثبت رجحان ماضی کے نام نہا د تجربہ کار وں کی سیاست کے تابوت میں آخری کیل ہے،ہمایوں اختر

58

لاہور۔23مئی (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اخترخان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے دور میں کورونا وائرس کی وبا کے باوجود معیشت سے جڑے اشاریوں میں مثبت رجحان ماضی کے نام نہا د تجربہ کار حکمرانوں کی سیاست کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہے،عوام نے اپنی آنکھوں سے دیکھ لیا ہے مسلم لیگ (ن) نے اپنے دور میں جو گروتھ دکھائی وہ صرف معیشت پر کاسمیٹیکس کا لیپ تھا اور اس کی حقیقت کھل کر سامنے آ گئی ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ 2018 میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے بقول جی ڈی پی گروتھ 5.5جی تھی لیکن اس کے باوجود 20ارب ڈالر کا ریکارڈ کرنٹ اکاﺅنٹ خسارہ تھا، برآمدات میں ریکارڈ کمی دیکھی گئی ،ترسیلات زر گزشتہ تین سال سے ایک سطح پر تھیں جبکہ بیرونی قرضوں کی رفتار میں ریکارڈ اضافہ ہوا اس کے مقابلے میں تحریک انصاف نے کورونا وائرس کی وبا کے باوجود معیشت کو سنبھالا دیا ،3.94فیصد جی ڈی پی گروتھ کے باوجود کرنٹ اکاﺅنٹ سرپلس ہو گیا، برآمدات اور ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافہ ہوا،ریکارڈ لارج اسکیل مینو فیکچرننگ نے گروتھ کی ، چھ فصلوں کی ریکارڈ پیدا ہوئی جبکہ زر مبادلہ کے ذخائر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے۔ رواں مالی سال میں پاکستان کی جی ڈی پی میں مجموعی طو رپر 33ارب ڈالر کا اضافہ ہوا جو کسی بھی سال میں جی ڈی پی میں ہونے والے اضافے کا ریکارڈ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت نے معاشی ڈھانچے میں بنیادی تبدیلی اںکی اور پائیدار ترقی کی راہ ہموار کی،گزشتہ دو سالوںمیں بین الاقوامی اداروں کی جانب سے موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں کو سراہا جارہا ہے اور انہی معاشی پالیسیوں کے نتیجے میں معاشی اشاریے مثبت ہو چکے ہیں۔ انہوں ے کہا کہ گزشتہ تین سال سے کسانوں کوفصلوں کی بروقت ادائیگی سے زرعی شعبے کی حوصلہ افزائی ہوئی اور اس سال گندم او ر گنے کی ریکارڈ پیداوار ہوئی جس کے نتیجے میں دیہی معیشت میں تیزی دیکھی گئی اور کسان کی زندگی میں آسودگی آئی ہے ، کسان کے خوشحال ہونے سے پائیدا ر ترقی کی راہ ہموار ہوئی ہے۔