معیشت کو سیاست سے ماورا رکھیں،ہمیں ملک کی بہتری کے لئے مشکل فیصلے کر لینے دیں ،وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا کا قومی بجٹ کانفرنس سے خطاب

116
معیشت کو سیاست سے ماورا رکھیں،ہمیں ملک کی بہتری کے لئے مشکل فیصلے کر لینے دیں ،وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا کا قومی بجٹ کانفرنس سے خطاب

اسلام آباد۔14جون (اے پی پی):وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے کہ سیاسی حکومتیں مشکل فیصلے کرنے سے ہچکچاتی ہیں ،معاشی فیصلوں پرسیاسی مقاصد کے لئے تنقید نہ کریں ،ہمیں ملک کی بہتری کے لئے مشکل فیصلے کر لینے دیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو قومی بجٹ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ معیشت کو سیاست سے ماورا رکھیں،بجٹ کے نمبرز، کٹوتیوں اور گروتھ ریٹ پر بہت بات ہورہی ہے،ایسا بجٹ لانا اس لئے ضروری تھا کہ آئی ایم ایف کو ری انگیج کرنا تھا۔ وزیر مملکت خزانہ نے کہا کہ کرنٹ اکائونٹ اور تجارتی خسارے میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ طے کیا تھا کہ بجلی کے نرخ بڑھائیں گے ،آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ شرائط کی خلاف ورزی کی گئی ،اس اقدام سے آئی ایم ایف کا پروگرام معطل ہوگیا،یہ آئی ایم ایف ڈیل نہیں بیرونی فنڈنگ کو مکمل کرنے کی بات ہے ۔کئی دہائیوں سے ملک میں ادارہ جاتی اصلاحات نہیں کی گئیں ،ہم چادر سے زیادہ پائوں پھیلاتے رہے ہیں ،ملک کو پائوں پر کھڑا کرنے کے لئے ادارہ جاتی اصلاحات بہت ضروری ہیں اب ہم جب مانگنے جائیں گے تو ویسا ردعمل نہیں ملے گا۔

وزیر مملکت خزانہ نے کہا کہ سیاسی حکومتیں مشکل فیصلے کرنے سے ہچکچاتی ہیں ،معاشی فیصلوں پرسیاسی مقاصد کے لئے تنقید نہ کریں ،ہمیں ملک کی بہتری کے لئے مشکل فیصلے کر لینے دیں ،اکانومی کو سیاست سے ماورا رکھیں۔انہوں نے کہاکہ ملک میں چارٹر آف اکانومی ہونی چاہئے اور اس میں تمام سٹیک ہولڈرز کو شامل کر نا چاہئے۔