معیشت کی اصلاح، عمدہ گورننس کی فراہمی ، صدر و وزیراعظم کی مراعات میں کمی ، سمگلنگ کے خاتمہ کے اقدامات، پاکستان اور افغانستان کے مابین انگور اڈے سے تجارت کا آغاز ، وفاقی حکومت کی کارکردگی پر ہفت روزہ رپورٹ جاری

67

اسلام آباد ۔ 25 ستمبر (اے پی پی) مرکزی سیکرٹری اطلاعات پاکستان تحریک انصاف احمد جواد نے پاکستان تحریک انصاف کی وفاقی حکومت کی کارکردگی پر ہفت روزہ رپورٹ جاری کر دی ہے اور معیشت کی اصلاح، عمدہ گورننس کی فراہمی سمیت صدر و وزیراعظم کی مراعات میں کمی کے حوالے سے اقدامات کو خصوصی طور پر اجاگر کیا ہے۔ مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری بیان میں ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر صدرِ پاکستان اور وزیراعظم کی مراعات میں کمی کیلئے باقاعدہ قانون سازی کا آغاز کر دیا ہے جو ملکی تاریخ میں اپنی نوعیت کا اہم انقلابی قدم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خواص کے آرام و آسائش پر سرمایہ کاری کی بجائے تحریک انصاف کی حکومت عوام کی بہبود پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے چنانچہ مشکل ترین معاشی حالات کے باوجود احساس بلاسود قرضہ جات پروگرام کے تحت 893,674 افراد کو 30.8 ارب مالیت کے بلاسود قرضے جاری کیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گھر کی دہلیز پر عوامی مسائل کے حل کیلئے حکومت کی جانب سے پاکستان سیٹیزن پورٹل ہیلپ لائن کا باضابطہ افتتاح اس حقیقت کی غمازی کرتا ہے کہ حکومت ہر ممکن انداز میں عوام کی خدمت یقینی بنانے کو ترجیح دیتی ہے۔ سماج میں تشدد اور خوف و ہراس کے رجحانات کے تدارک کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ ایف آئی اے اور فیس بک حکام کے مابین حال ہی میں اہم ملاقات ہوئی جس میں سائبر ہراسمنٹ کے خاتمے اور عوام میں شعور و آگہی کیلئے باہمی تعاون و اشتراک پر اتفاق کیا گیا ہے۔ اپنے بیان میں معیشت کی سنبھلتی ہوئی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے احمد جواد نے بتایا کہ گزشتہ سال کے 601 ملین ڈالرز کے خسارے کے مقابلے میں اس سال اگست میں پاکستان کا کرنٹ اکاو¿نٹ 297 ملین ڈالرز سرپلس ریکارڈ کیا گیا ہے جو تحریک انصاف کی حکومت کا نمایاں کارنامہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سمگلنگ کے خاتمہ اور معمول کی تجارت کے فروغ کیلئے پاکستان اور افغانستان کے مابین انگور اڈے سے تجارت کا آغاز کردیا گیاہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ گزشتہ 2 برس کے دوران پاکستان ریلوے نے تجاوزات کیخلاف آپریشن کے ذریعے 30 ارب مالیت کی 383 ایکڑ قیمتی اراضی واگزار کروائی ہے۔ ماحولیاتی تغیر کے اثرات کو کم کرنے کے حوالے سے حکومت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نے بتایا کہ پاکستان نے اوزون کی سطح کو نقصان پہنچانے والے کیمیکلز کی درآمد میں 50 فیصد تک کمی لا کر ماحولیاتی تحفظ کا عہد نبھانے کے حوالے سے ایک اور سنگِ میل عبور کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت کسانوں کو بیجوں کے تھیلوں پر سبسڈی ملے گی۔ ان کے مطابق توانائی کے سرکاری منصوبوں کی بندش، آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں کی شرائط میں تبدیلی اور از سرنو مذاکرات کے ذریعے حکومتِ پاکستان نے 10 برس کے عرصے میں 856 ارب روپے بچائے ہیں۔