
واشنگٹن ۔24اکتوبر (اے پی پی):وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہےکہ پچھلے ایک سال کے دوران معیشت کی بہتری کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے گئے ہیں، جن کے نتیجے میں ملک میں مہنگائی میں کمی کے ساتھ ساتھ مختلف شعبوں میں بہتری دیکھنے کو ملی ہے۔
ان اصلاحات کا مقصد معاشی استحکام اور پائیداری کو یقینی بنانا تھا، جس کے لیے اہم اقتصادی اور انتظامی تبدیلیاں متعارف کروائی گئیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے واشنگٹن میں ولسن سینٹر میں پاکستان کی معاشی صورتحال کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
انہوں نے پچھلے ایک سال کے دوران معیشت کی کارکردگی اور مختلف اصلاحات کا ذکر کیا، جن میں ٹیکس بیس کو وسیع کرنا، اخراجات میں کمی، توانائی کے شعبے میں اصلاحات، سرکاری اداروں کی حکمرانی کو بہتر بنانا، کاروبار کے لیے مساوی مواقع فراہم کرنا اور موسمیاتی استحکام کی کوششیں شامل ہیں۔
معاشی کارکردگی کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ ان اصلاحات میں ٹیکس بیس کو وسیع کرنا شامل تھا تاکہ ٹیکس ٹو جی ڈی پی تناسب میں اضافہ ہو سکے جبکہ اخراجات پر قابو پانے کے لیے سبسڈی میں کمی کی گئی۔
توانائی کے شعبے میں بھی بہتری کے لیے اقدامات کیے گئے، سرکاری اداروں کی حکمرانی کو بہتر بنانے پر کام ہوا، کاروباری اداروں کے لیے مساوی مواقع فراہم کرنے کی کوششیں کی گئیں اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے اقدامات کیے گئے تاکہ معیشت کو پائیدار بنایا جا سکے۔