معیشت کے استحکام اور ملک میں کاروبار اورسرمایہ کاری کیلئے سازگارماحول کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں، وزیرخزانہ سینیٹرمحمداسحاق ڈارکی پیپسی کوکے وفد سے ملاقات میں گفتگو

89

اسلام آباد۔30مئی (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداسحاق ڈارنے کہاہے کہ معیشت کے استحکام اور ملک میں کاروبار اورسرمایہ کاری کیلئے سازگارماحول کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے یہ بات منگل کویہاں میسرز پیپسی کو کے ایک وفد سے ملاقات میں کہی، وفد کی قیادت پیپسی کوکے سی ای او برائے افریقہ، مشرق وسطیٰ اور جنوبی ایشیا یوجین ولیم سین کررہے تھے۔ اس موقع پروزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ،معاون خصوصی محصولات طارق محمود پاشا اور ایف بی آر سینئر افسران بھی موجودتھے۔

یوجین ولیم سین نے پرتپاک جذبات کا اظہار کیا اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول کی دستیابی پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے وزیر خزانہ کو کمپنی کے پروفائل، اس کی کاروباری سرگرمیوں کی آپریشنل نوعیت اور ریونیو میں اضافے میں کمپنی کے مجموعی تعاون سے آگاہ کیا۔ انہوں نے ٹیکس اور اشیاء کی درآمدات کے حوالے سے کمپنی کو درپیش مسائل کے بارے میں بھی وزیرخزانہ کو آگاہ کیا۔ وزیر خزانہ نے پاکستان میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری اور محصولات کے حوالے سے کمپنی کے معاشی تعاون کو سراہا۔انہوں نے ملک کودرپیش معاشی حالات پر بھی روشنی ڈالی اور بتایا کہ موجودہ حکومت نے معیشت کے استحکام و ترقی اور کاروبار میں آسانی کے لیے متعدد پالیسی اقدامات کیے ہیں۔

انہوں نے وفد کو حکومت کی جانب سے ملک میں اپنے کاروبار اور سرمایہ کاری کو بڑھانے کے لیے نیک نیتی سے کوششیں کرنے کا یقین دلایا ۔ یوجین ولیم سین نے وزیر خزانہ کی حمایت اور تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔دریں اثناء وفاقی وزیر خزانہ سے اکائونٹنگ اینڈآڈٹنگ آرگنائزیشن فار اسلامک فنانشل انسٹی ٹیوشنز کے چیئرمین بورڈ آف ٹرسٹیز شیخ ابراہیم بن خلیفہ الخلیفہ نے ملاقات کی۔ وزیر خزانہ نے مہمان کا خیرمقدم کیااور شیخ ابراہیم بن خلیفہ الخلیفہ کو ایس ای سی پی پاکستان کے تعاون سے پاکستان میں اسلامک کیپیٹل مارکیٹس پر پہلی بین الاقوامی کانفرنس منعقد کروانے مبارکباد دی۔

شیخ ابراہیم بن خلیفہ آل خلیفہ نے پاکستان اور بحرین کے درمیان برادرانہ تعلقات کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان کے مسلسل تعاون اور حمایت کو بھی سراہا اور کہا کہ پاکستان مسلم دنیا کا ہمیشہ سے قریبی شراکت دار ملک رہا ہے۔انہوں نے پاکستان میں سماجی بہبود کے مختلف منصوبے شروع کرنے خصوصی طور پر خواتین اور نوجوانوں کے استعداد کار میں اضافے اور آسان قرضوں کی سہولت دینے کی خواہش کااظہارکیا ۔انہوں نے خاص طور پر کا روباری افراد کے لیے قرضوں کی فراہمی کی خواہش کابھی اظہار کیا۔

وزیر خزانہ نے شیخ ابراہیم بن خلیفہ الخلیفہ کو نوجوانوں اور بالخصوص خواتین کی مدد کے لیے موجودہ حکومت کی پالیسیوں اور پروگراموں سے آگاہ کیا اورکہاکہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی عالمی بینک نے تعریف کی ہے اور مختلف افریقی ممالک میں بھی اس پر عمل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اس نوعیت کی مختلف مائیکرو فنانس اسکیموں کے ذریعے معاشی طورپرکمزور طبقے کی مدد کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔ شیخ ابراہیم بن خلیفہ الخلیفہ نے معاونت اور تعاون پر وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کیا۔