معیشت کے حالات بہتر ہونے پر تنخواہوں میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے گا ، علی نواز اعوان

130
سیکٹر ای 12 میں ترقیاتی کام تیز کردیا گیا ہے ، اتھارٹی نے متاثرین زمین کو پلاٹوں کی الاٹمنٹ شروع کر دی ہے، معاون خصوصی برائے سی ڈی اے امور علی نواز اعوان

اسلام آباد۔10فروری (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے امور علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ وفاقی ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے مطالبے سے پوری طرح آگاہ ہیں اور معیشت کے حالات بہتر ہونے پر تنخواہوں میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو جاری ایک بیان میں کیا ۔ معاون خصوصی نے کہا کہ وفاقی حکومت ملازمین کو درپیش مشکلات سے بخوبی آگاہ ہے اور جس طرح ملکی معیشت میں مثبت اشاریے مل رہے ہیں ہم پر امید ہیں کہ بہت جلد ملک بھر کے ملازمین کو خوشخبری دیں گے۔ علی نواز اعوان نے کہا کہ زیادہ تر وفاقی ملازمین اسلام آباد سے تعلق رکھتے ہیں اور بطور اسلام آباد کے منتخب رکن مجھے ان کے مسائل کا بخوبی ادراک ہے، میں ملازمین کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم بہت جلد ان کے مطالبات ہر عملدرآمد کریں گے۔