اسلام آباد۔26مئی (اے پی پی):سینیٹ میں قائد ایوان و وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ معیشت کے ساتھ ساتھ کشمیرہمارے لئے ضروری ہے، بطورقوم کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ جمعرات کو پارلیمان کے مشترکہ اجلاس کے آغاز پر انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس قومی اور عالمی معاشی اور سلامتی کی صورتحال پر طلب کیا گیا ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ کشمیرہمارے لئے ضروری ہے، بطور قوم کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، یاسین ملک کو انجنئیرڈ اورشیم ٹرائل کے ساتھ سزا سنائی جس کی ان کی اہلیہ مشعال ملک، حریت کانفرنس اوربین الاقوامی تنظمیوں نے مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہاکہ بین الاقوامی قوانین کے مطابق ہرشہری کوتمام ممالک میں بنیادی حقوق حاصل ہے، اس میں زندگی اورفئیرٹرائل کاحق حاصل ہوتاہے۔بھارتی آئین میں بھی فئیرٹرائل کا حق دیا گیا ہے، یاسین ملک کو قانون اور ضابطہ کوبالائے طاق رکھتے ہوئے سزا سنائی گئی ہے۔پاکستان کاسب سے بڑافورم آج اکھٹاہے، آج معیشت کی بجائے یاسین ملک کوجو سزا سنائی گئی ہے اورجو زیادتی کی گئی ہے اس پربحث ہونا چاہئیے۔
انہوں نے کہاکہ اس معاملہ پرایک قراردادبھی منظورکی جائیگی جس کی کاپیاں انسانی حقوق کی تنظیموں، بیرون ملک مشنز اور پاکستان میں بھارت کے ہائی کمیشن میں بھی جمع کرائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو یاسین ملک کی اہلیہ کی اس آواز پران کاساتھ دینا چاہئیے تھا جس میں انہوں نے عمران خان سے دھرنا اور احتجاج دو روز تک ملتوی کرنے کی اپیل کی تھی، پاکستان سے ایک آواز جانی چاہئیے تھی لیکن عمران کوسیاست زیادہ مقدم ہے، انہیں پاکستان کا مقدمہ لڑنے والے زیادہ مقدم نہیں ہے۔