پشاور۔20دسمبر (اے پی پی):نو منتخب سینیٹر اور مشیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ معیشت 5سے6فیصد کے حساب سے آگے بڑھ رہی ہے معیشت کی بہتری سے مہنگائی میں کمی واقع ہوگی اور عوام کو ریلیف ملے گا ، ان خیالات کا اظہار انھوں سینیٹر منتخب ہونے کے بعد خیبر پختونخوا اسمبلی میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
ایک سوال کے جواب میں شوکت ترین نے کہا کہ گیس کے ذخائر تیزی سے کم ہو رہے ہیں اور حکومت کی کوشش ہے کہ جہاں جہاں گیس کے نئے ذخائر دریافت ہو رہے ہیں وہاں سے پیدا ہونے والی گیس کو استعمال میں لا یا جائے ، انھوں نے کہا کہ اس وقت بھی گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی میں فوقیت دی جا رہی ہے۔
شو کت ترین نے کہا کہ بجلی کی کمی کا کوئی مسئلہ درپیش نہیں بجلی کی لوڈ شیڈنگ ان علاقوں میں ہو رہی ہے جہاں بجلی چوری ہوتی ہے تاہم چونکہ ان علاقوں میں بھی تما م صارفین بجلی چوری نہیں کرتے لہذا ان صارفین کو ریلیف دینے کیلئے مذکورہ حلقوں میں بھی بجلی کی فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں حالانکہ اس عمل کے دوران حکومت کو مالی نقصانات اٹھانے پڑ رہے ہیں۔
ایک اور سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ مہنگائی عالمی مسئلہ ہے تاہم اس مسئلے سے نمٹنے کیلئے عوام کو ہر ممکن سبسڈی دے رہے ہیں اور اس سلسلے میں اچھی بات یہ ہے کہ اب اشیائے خور دونوش کی قیمتیں کم ہونا شروع ہو گئی ہیں ۔انھوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو گھروں کی تعمیر اور زرعی مقاصد کیلئے بلا سودقرضے بھی دئے جا رہے ہیں۔