مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ رات کو شمالی بلوچستان میں داخل ہونے کا امکان ہے،ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے

136

کوئٹہ۔10جنوری (اے پی پی):صوبہ بلوچستان کے شمال میں مغربی ہوائیں (آج ) منگل کو داخل ہوں گی، بدھ سے جمعہ کے دوران بارش اور برف باری کی پیش گوئی کا الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔اس حوالے سے بلوچستان کے محکمہ پی ڈی ایم اے نے صوبے کے تیرہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کو مراسلہ جاری کردیا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نصیر خان ناصر کی جانب سے جاری مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ رات کو شمالی بلوچستان میں داخل ہونے کا امکان ہے۔

اس موسمی نظام کے زیرِاثر ہونے سے کوئٹہ، ژوب، بارکان، زیارت، نوکنڈی، دالبندین، قلات مستونگ، ہرنائی، قلعہ سیف اللّٰہ، قلعہ عبداللّٰہ، چمن، پشین، مسلم باغ اور ملحقہ علاقوں میں بارش اور برفباری متوقع ہےمراسلے میں کہا گیا ہے کہ 11 اور 12 جنوری کو مکران کے ساحل پر ہلکی بارش بھی متوقع ہے،

جبکہ برف باری پہاڑی علاقوں میں عام گاڑیوں کی آمدورفت میں خلل ڈال سکتی ہے، اس لئے شہری پہاڑی علاقوں میں غیرضروری سفر سے گریز کریں۔پی ڈی ایم کے مراسلے میں ضلعی انتظامیہ کو خطرناک مقامات پر بھاری مشینری کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔