لاہور۔29مئی (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ نے منڈی بہائوالدین کے شہری کی بازیابی کیلئے دائر درخواست پر آئی جی پنجاب پولیس کو مہلت دیتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ جتنا وقت چاہیے لے لیں لیکن مغوی کو ہر صورت بازیاب کرا کے رپورٹ عدالت میں جمع کرائیں،عدالت نے سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی ۔جسٹس فاروق حیدر نے جمعرات کے روز کیس کی سماعت کی۔
عدالتی حکم پر انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور عدالت میں پیش ہوئے۔درخواست گزار عثمان علی نے اپنے مغوی بھائی کی بازیابی کیلئے عدالت سے رجوع کیا تھا۔ دوران سماعت عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔آئی جی پنجاب نے عدالت کو آگاہ کیا کہ پولیس کی کوششیں جاری ہیں اور جلد نتائج بھی متوقع ہیں۔جسٹس فاروق حیدر نے ریمارکس دیے کہ جتنا وقت درکار ہیں لے لیں لیکن مغوی کو ہر صورت بازیاب کرا کے رپورٹ عدالت میں جمع کرائیں۔عدالت نے سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=602682