25.5 C
Islamabad
منگل, مئی 6, 2025
ہومعلاقائی خبریںمقامی تاجر اور رہائشیوں کا راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے تجاوزات...

مقامی تاجر اور رہائشیوں کا راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے تجاوزات کے خلاف مہم پراطمینان کا اظہار

- Advertisement -

راولپنڈی۔5مئی (اے پی پی):راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ ( آر سی بی ) کی جانب سے جاری حالیہ تجاوزات کے خلاف مہم نے کینٹ کے اہم تجارتی و رہائشی علاقوں میں نظم و ضبط اور رسائی کو بہتر بنا دیا ہے جس پر مقامی تاجر اور رہائشی اطمینان کا اظہار کر رہے ہیں۔ یہ مہم صدر، ٹینچ بھاٹہ، پیپلز کالونی، مصریال روڈ، چوڑ چوک اور دیگر ملحقہ علاقوں میں غیر قانونی تجاوزات جیسے فٹ پاتھوں، سڑکوں اور عوامی مقامات پر قائم غیر قانونی تھڑوں، ریمپس اور تعمیرات کے خاتمے کے لیے شروع کی گئی تھی، جنہوں نے طویل عرصے سے ٹریفک کی روانی کو متاثر کیا ہوا تھا۔ ایک مقامی تاجر عامر سعید جو صدر میں کمپیوٹر آلات کا کاروبار کرتے ہیں نے کہا کہ تجاوزات کی وجہ سے مارکیٹ بدنظمی کا شکار ہو گئی تھی، گاہک فٹ پاتھ نہ ہونے کے باعث آنے سے گریز کرتے تھے۔ اب صفائی نظر آ رہی ہے اور کاروبار میں بہتری آ رہی ہے۔

اسی طرح مصریال روڈ کے رہائشی اکرام شیخ نے کہا کہ تجاوزات ہمارے دفاتر میں آنے والے طلبہ اور والدین کے لیے بڑی پریشانی بن چکی تھیں۔ آر سی بی کی کارروائی وقت کی اہم ضرورت تھی، ہم اس کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ کینٹ کے رہائشی راجہ بابر نے بھی اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ فٹ پاتھوں پر دکانداروں اور دکانوں کی غیر قانونی ایکسٹینشن کی وجہ سے پیدل چلنا مشکل ہو گیا تھا۔ اب میں اپنے خاندان کے ساتھ صدر جا سکتا ہوں، یہ کافی عرصے بعد ممکن ہوا ہے۔ ڈھوک سیداں کے قریب نجی کالج کے مالک امجد زیب نے بھی تجاوزات کے خاتمے کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ طلبہ اور عملے کو اب تنگ سڑکوں پر چلنے کی بجائے آسانی سے آنا جانا ممکن ہو گیا ہے۔ اگرچہ شروع میں کچھ متاثرہ ریڑھی بانوں نے احتجاج کیا مگر اب صورتحال پر سکون ہے تاہم تاجروں نے مارکیٹ میں پارکنگ کی سہولیات کی کمی پر تشویش ظاہر کی ہے۔

- Advertisement -

بینک روڈ جو کہ راولپنڈی کا پہلا پیدل چلنے والا زون ہے، وہاں کے تاجروں نے پارکنگ کے مسئلے کے فوری حل کا مطالبہ کیا ہے۔ آر سی بی نے عوام کے لیے پوٹھوہار 1، 2 اور 3 کے نام سے تین پارکنگ ایریاز مختص کیے ہیں لیکن عوامی دباؤ کے باعث یہ ناکافی ثابت ہو رہے ہیں۔ علاوہ ازیں مرکزی مال روڈ پر زیر تعمیر انڈر پاس منصوبے کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے جس کے باعث کینٹ کے علاقوں میں متبادل راستے اختیار کیے جا رہے ہیں۔ اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے سٹی ٹریفک پولیس متحرک انداز میں کام کر رہی ہے۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=593013

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں