شیخوپورہ۔ 29 نومبر (اے پی پی):محکمہ ماحولیات کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر عبدالقیوم نے کہا ہے کہ مقامی صنعتی یونٹس کی مانیٹرنگ مسلسل جاری ہے جبکہ بھٹوں کو زک زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کے عمل کی بھی مکمل نگرانی کی جارہی ہے جوفیکٹری و بھٹہ مالکان ماحولیاتی آلودگی کے ایس او پیز پر عملدر آمد میں کوتاہی برتیں گے ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال متعدد صنعتی یونٹس کو نوٹسز جاری کئے گئے وارننگ کے بعد ان کی کڑی مانیٹرنگ کی گئی جبکہ ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کے حوالے سے اقدامات نہ کرنے والے صنعتی یونٹس کو بھاری جرمانے کئے گئے اور مقدمات کا اندراج یقینی بنا کر ان کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی، اسی طرح زیک زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل نہ ہونے والے بھٹوں کو بھی مسمار کیا گیا۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر عبدالقیوم نے بتایاکہ محکمہ کی طرف سے اٹھائے گئے موثر و مربوط اقدامات کا نتیجہ ہے کہ ضلع کا ماحولیاتی انڈکس بہتر ہوا ہے سموگ کی لہر ختم ہوچکی ہے اور آئندہ اس کے مضر اثرات سے بچاؤ کیلئے پورا سال بھرپور کارروائیاں کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ محکمہ کے تحت مختلف اقدامات کئے گئے ہیں جن میں عوامی آگاہی سرفہرست ہے جس کے تحت ماحول کو صاف رکھنے کی عوام کو ترغیب دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی میں کمی کے حوالے سے شہریوں کا کردار بھی کلیدی ہے جنہیں دھواں پیدا کرنے کے عوامل سے مکمل گریز کرنا ہوگا ، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی ۔