مقامی مارکیٹ میں پی ایس او کا شیئر 46 فیصد ، ڈیجیٹل ادائیگیوں کا تناسب 13 فیصد ، بنیادی ڈھانچہ کی بہتری اور ترقی کےلئے اقدامات جاری، پی ایس او

8
Pakistan State Oil
Pakistan State Oil

اسلام آباد۔14جون (اے پی پی):پاکستان سٹیٹ آئل (پی ایس او) کا مقامی مارکیٹ میں شیئر 45 تا 46 فیصد ہے، جس میں اضافہ کے خاطر خواہ اقدامات کئے جا رہے ہیں، رواں مالی سال کے دوران پی ایس او نے ملک کے مختلف شہروں میں 67 نئے ریٹل آئوٹ لیٹس قائم کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی سٹوریج کی صلاحیتوں میں بھی اضافہ کیا ہے۔ پی ایس او کے اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کے دوران ملک کے مختلف شہروں میں کمپنی کی جانب سے 67 نئے پٹرول پمپس قائم کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ پی ایس او نے پٹرولیم مصنوعات ذخیرہ کرنے کی اپنی صلاحیتوں میں بھی اضافہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ ملک بھر میں پی ایس او کے پٹرول پمپس کی تعداد 3600 سے زائد ہے جن میں31 پٹرول پمپس کمپنی خود آپریٹ کرتی ہے۔

ا س کے علاوہ پی ایس او کے تیل کے 19 ڈپو اور 15 ایوی ایشن سٹیشنز بھی خدمات فراہم کر رہے ہیں۔ پی ایس او کی انتظامیہ قومی مارکیٹ میں کمپنی کے شیئر میں اضافہ کے لئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے جس کے لئے صارفین کو دیگر کمپنیوں کے مقابلہ میں معیاری اور رعایتی نرخوں پر پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کی جا رہی ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی مقامی مارکیٹ میں پی ایس او کا حصہ 45 تا 46 فیصد ہے جس میں اضافہ کےلئے خاطر خواہ اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ پی ایس او کی رپورٹ کے مطابق کمپنی کی مجموعی ٹرانزیکشنز میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کا حصہ 13 فیصد ہے جن میں پی ایس او کارڈز اور مختلف بینکوں کے کارڈز سے کی جانے والی ادائیگیاں شامل ہیں۔

واضح رہے کہ دیگر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی ادائیگیوں میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کا تناسب 9 تا 10 فیصد کے قریب ہے۔ پی ایس او کے اعدادوشمار کے مطابق اس وقت کمپنی کی تیل ذخیرہ کرنے کی مجموعی گنجائش1.24 ملین ٹن ہے۔ اس کے علاوہ پی ایس او لبریکنٹس تیار کرنے والے 2 کارخانوں کی بھی مالک ہے جہاں پر سنگل شفٹ میں سالانہ 70 ہزار میٹرک ٹن لبریکنٹس تیار کئے جاتے ہیں۔ پی ایس او کے بنیادی ڈھانچہ میں بہتری اور ترقی کےلئے تیل ذخیرہ کرنے کے استعداد میں اضافہ کےلئے فقیرہ آباد ڈپو میں 25 ہزار میٹرک ٹن کے دو ٹینک بھی تعمیر کئے گئے ہیں ۔ اس کےعلاوہ 4 مختلف مقامات پر 53 ہزار میٹرک ٹن تیل ذخیرہ کرنے کی استعداد کے حامل ٹینک کی بحالی بھی کی گئی ہے۔