اسلام آباد۔12مئی (اے پی پی):قومی اسمبلی کوبتایاگیاہے کہ مقامی کاٹن پر 18 فیصد سیلزٹیکس پر نظرثانی کے حوالہ سے بجٹ میں اقدامات متوقع ہیں۔پیرکو قومی اسمبلی میں کاٹن پر 18 فیصد سیلزٹیکس کے نفاذ سے متعلق سحرکامران کے توجہ مبذول نوٹس پر پارلیمانی سیکرٹری خزانہ نے ایوان کوبتایا کہ یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ لوکل کاٹن پر 18 فیصد ٹیکس عائدہے،یہ ٹیکس مقامی کاٹن پر ہے اورای ایف ایس سکیم کے ذریعہ جو درآمدکنندگان کاٹن درآمد کر رہے ہیں، انہیں اس ٹیکس سے استثنیٰ حاصل ہے، میں یہ سمجھتاہوں کہ یہ ٹیکس مقامی اور درآمدشدہ کاٹن دونوں پر ہونا چاہیے۔
حال ہی میں وزیرخزانہ سے جنرزکی میٹنگ ہوئی تھی، اس میں بھی یہ معاملہ اٹھایاگیاتھا،اس میں تجویزدی گئی تھی کہ مقامی جنرزاور گروورز کیلئے ٹیکس کی شرح صفر اوردرآمدی کاٹن پر 18 فیصد ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ بجٹ میں اس حوالہ سے اقدامات متوقع ہے۔انہوں نے بتایا کہ یہ تاثردیاجارہاہے کہ جوباہرسے امپورٹ ہورہی ہے اس پر ٹیکس نہیں ہے، استثنٰی صرف ان امپورٹروں کوحاصل ہے جوبرآمدی سہولت سکیم میں رجسٹرڈ ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=596197