مقبوضہ بیت المقدس،فلسطینی قیدیوں نے جیل سے اسرائیلی پرچم اتار دیا، اسرائیلی حکام کا دھاوا،انہیں تشدد کا نشانہ بنایا

106
مقبوضہ بیت المقدس

مقبوضہ بیت المقدس۔6نومبر (اے پی پی):مقبوضہ بیت المقدس میں فلسطینی قیدیوں نے جیل میں اسرائیلی پرچم اتار دیا جس کے بعد حکام نے جیل پر دھاوا بول کر قیدیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ سعودی ذرائع ابلاغ نے اسرائیلی براڈکاسٹنگ کارپوریشن کے حوالے سے بتایا کہ جیل سروس نےگزشتہ روز مجیدو جیل میں اس وقت فلسطینیوں کے سیلوں پر چھاپہ مارا جب ان میں سے متعدد نے جیل سے اسرائیلی پرچم اتار دیا، حکام نے قیدیوں کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔

انہوں نےکہا کہ جیل سروس نے فلسطینی قیدیوں کے خلاف اپنی جارحانہ مہم کو آگے بڑھانے کے لیے یہودی مجرم قیدیوں کی مدد بھی حاصل کی۔ اسرائیلی مہم کے بارے میں مزید تفصیلات معلوم نہیں ہوسکیں ،تاہم براڈکاسٹنگ کارپوریشن نے تصدیق کی ہے کہ یہ جھنڈا نیچے کرنے کی وجہ سے کیا گیا تھا۔یاد رہے کہ گزشتہ چند دنوں کے دوران اسرائیل نے مغربی کنارے میں گرفتاری کی ایک نئی مہم شروع کر دی ہےجس میں درجنوں فلسطینیوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ 7 اکتوبر سے اب تک حراست میں لیے گئے قیدیوں کی مجموعی تعداد 1830 سے زیادہ ہوگئی ہے۔

گرفتاریوں کی اس مہم میں مشرقی القدس اور اس کے اطراف کے قصبوں کو زیادہ نشانہ بنایا گیا ۔ مغربی کنارے کے اضلاع الخلیل، قلقیلیہ، طولکرم، جنین، نابلس اور رام اللہ کے شہریوں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔