سرینگر۔6مارچ (اے پی پی):بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت کو یہ حقیقت تسلیم کر لینی چاہیے کہ وہ جو اقدمات مقبوضہ علاقے میں کر رہی ہے ان سے زمینی حقائق تبدیل نہیں ہو سکتے اور جلد یابد یر اسے مسئلہ کشمیر حل کرنا پڑے گا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے جو گزشتہ 19ماہ سے مسلسل گھر میں نظر بند ہیں سرینگر میں ایک انٹرویو میں افسوس ظاہر کیا کہ کشمیریوں کے تمام انسانی اور مذہبی حقوق طاقت کے بل پر سلب کر لیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انہیں مسلسل گزشتہ 82جمعہ سرینگر کی جامع مسجد میں نماز جمعہ ادا نہیں کر نے دی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ بطور میر واعظ انکا یہ فرض ہے کہ وہ بھارتی جبر و استبداد جس میں5اگست 2019کے بعد تیزی آئی ہے کے خلاف اپنی آواز بلند کریں۔ میر واعظ نے کہا کہ حریت قیادت کا مسئلہ کشمیر پر ایک اصولی موقف ہے جسکی پوری دنیا حمایت کر رہی ہے حتیٰ کہ چین ، امریکہ اور برطانیہ بھی یہ کہہ رہے ہیں کہ مسئلے کے حل کیلئے بات چیت کا راستہ اختیار کیا جانا چاہیے۔
حریت رہنمائوں غلام محمد خان سوپوری اور محمد یوسف نقاش نے سرینگر میں اپنے بیانات میں بھارتی فورسز اہلکاروں کی طرف سے گزشتہ روز جامع مسجد سرینگر کے باہر پرامن مظاہرین پر طاقت کے وحشیانہ استعمال کی شدید مذمت کی۔ کشمیر ایڈیٹرز گلڈ اور کشمیر پریس کلب نے اپنے بیانات میں بھارتی پولیس کیطرف سرینگر میں دو فوٹو جرنلسٹوںپر تشدد کی مذمت کی۔
بھارتی پولیس نے شفاعت فاروق اور ثاقب مجید نامی فوٹو جرنلسٹوں کو اس وقت مارا پیٹا جب وہ گزشتہ روز جامع مسجد سرینگر کے باہر بھارت مخالف مظاہرے کی کوریج کر رہے تھے۔ جموںوکشمیر پیپلز لیگ کے رہنما مولوی عامر احمد نے جنوبی کشمیر کے مختلف علاقوں میں تعزیتی اجلاسوں سے اپنے خطاب میں کہا کہ جنوبی ایشا میں امن و ترقی مسئلہ کشمیر کے حل کیساتھ منسلک ہے۔
جموںوکشمیر یوتھ سوشل اینڈ جسٹس لیگ کی جنرل سیکرٹری سمینہ قادر نے اپنے بیان میں تحریک حریت جموںوکشمیر کے غیر قانونی طورپر نظر بند 78سالہ رہنما محمد یوسف مکرو کی گرتی ہوئی صحت پر تشویش کا اظہار کیا۔ دریں اثنا بھارتی فوجیوں نے ضلع شوپیاں کے علاقے چڈیپورہ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کی اور شوپیاں بیج بہاڑہ سڑک بلاک کر دی۔
پولیس نے ضلع ریاسی کے علاقے ماہورسے ایک کشمیری نوجوان کو گرفتار کر لیا۔بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ادارے ’نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی “ نے جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر اور اسکے رہنمائو ں کے خلاف تحقیقاتی عمل شروع کر دیا ہے ۔
تحقیقاتی ادارے نے چند ہفتے قبل جھوٹے الزمات کے تحت تنظیم کے خلاف پہلا مقدمہ درج کر لیا۔ادھر بھارتی کسانوں نے آج ہریانہ میں چھ رویہ کنڈلی مانی سر پلوال ایکسپریس وے بند کردی اور اپنے احتجاج کے 100ویں دن کویوم سیاہ کے طور پر منایا۔