مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی غیر متزلزل حمایت جاری رہے گی، وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق

46
چوہدری انوارالحق

مظفر آباد ۔5فروری (اے پی پی):آزادجموں وکشمیر کے وزیر اعظم چوہدری انوار الحق نے کہاہے کہ 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی آزادکشمیر میں موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی غیر متزلزل حمایت جاری رہے گی، سپہ سالار پاک فوج جنرل عاصم منیر کو آزادکشمیر میں”یادگار شہدا”مظفر آباد آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں۔

دوٹوک انداز میں کہتا ہوں کہ پاکستان ہماری منزل ہے اور مملکت خداداد پاکستان ہی بھارت کے”توسیع پسندانہ اقدامات”کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، عالمی برادری بھارتی جنگی جرائم کا فوری نوٹس لے۔ یہ بیانیے کی جنگ کا دور ہے۔ بیانیے کی جنگ کے اس دور میں پاکستان کا استحکام کشمیریوں کی اولین ترجیح ہے۔ میرے بیانیے کو لے کر بھارتی ہندوتوا نواز قیادت جو واویلا کررہی ہے اس کے پیچھے پاکستان کے 24 کروڑ عوام کی قوت اور محبت کھڑی ہے، دوسری طرف بھارتی فوج کے سربراہ نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں 10 لاکھ فوج کے باوجود امن قائم کرنے میں مشکلات ہیں مزید 75 ہزار فوجی چاہیں دنیا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کا نوٹس لے۔ پاکستان سے محبت کا رشتہ نسل در نسل منتقل ہوتا رہے گا۔” ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے”ان خیالات کا اظہار انہوں نے5 فروری یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب میں کیا۔

وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا کہ سابق وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی حکومت نے بھی آزادکشمیر حکومت کو معاشی مشکلات سے نکالنے کے لیے 11 ارب کی خطیر رقم فراہم کی تھی، اگرچہ آزادکشمیر میں مسلم لیگ (ن) موجودہ اتحادی حکومت کا حصہ ہے لیکن موجودہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے آزادکشمیر کی حکومت کو کسی تفریق کے بغیر خطیر فنڈز مہیا کیے، ریاست کے عوام کی جانب سے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کا شکر گزار ہوں ،دنیا جانتی ہے کہ پاکستان اور بھارت دو ایٹمی قوتیں ہیں، یہاں بین الاقوامی سرحدوں کی پامالی کا اب سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد انتخابات کے ذریعے ایک کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ بھی کھڑا کردیا گیا ہے، بھارتی فوج کے سربراہ نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں 10 لاکھ فوج کے باوجود امن قائم کرنے میں مشکلات ہیں مزید 75 ہزار فوجی چاہیئے، بھارتی حکومت نے مقبوضہ وادی میں ظلم و بربریت کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ 24 کروڑ پاکستانی عوام ہماری پشت پر کھڑے ہیں۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ یہ مقدس ایوان الفاظ کو ریکارڈ کرکے تاریخ کا حصہ بنا دیتا ہے، میری آئینی، قانونی اور فکری ذمہ داری ہے کہ تاریخ کو درست انداز میں پیش کیا جائے،

وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف سے کہنا چاہتا ہوں کہ حکومت پاکستان نے معاشی مشکلات کے باجود جس طرح آزادکشمیر کے عوام کو ریلیف فراہم کیا اس پر حکومت پاکستان کے شکرگزار ہیں۔ 3 روپے یونٹ بجلی اور سستا آٹا وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی شفقت اور محبت کے باعث دستیاب ہے، اس غیر مشروط تعاون پر وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کے میرپور ڈویژن کے لیے میگا پراجیکٹس کی طرح پونچھ اور مظفر آباد ڈویژنز میں بھی وزیراعظم پاکستان کے اعلان کے منتظر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب تک کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل نہیں نکالا جاتا اس خطہ میں دیرپا امن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ پاکستان سے محبت کا رشتہ نسل در نسل منتقل ہوتا رہے گا۔” ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے”وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے لیے عسکری طور پر بین الاقوامی مسلمہ قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے عین مطابق یہ”جنگ”کشمیری عوام نے لڑنی ہے۔

ہم حکومت پاکستان سے سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کے خواستگار ہیں، مضبوط و مستحکم پاکستان تحر یک آزادی کشمیر کی ضمانت ہے۔ انھوں نے کہاکہ اقوام متحدہ، عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیمیں بھارتی جارحیت کا نوٹس لیں اور مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری بھارتی سفاکیت پر بھارت کو انصاف کے کٹہرے میں لائے۔