اقوم متحدہ ۔22اگست (اے پی پی): مقبوضہ مغربی کنارے میں پرتشدد کارروائیوں کے دوران رواں سال اب تک 200 سے زیادہ فلسطینی مارے جا چکے ہیں۔ یہ بات مشرق وسطیٰ کے امن عمل کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی کوارڈینیٹر ٹور وینز لینڈ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو بتائی۔
ا نہوں نے کہا کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں رواں سال کے دوران پرتشدد واقعات میں اضافہ ہوا ہے اور ان واقعات کے نتیجہ میں اموات کی تعداد 2005 کے بعد سب سے زیادہ ہے۔انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں میں مستقبل کے بارے میں بڑھتی ہوئی مایوسی اور ایک آزاد ریاست کے حصول کی جانب پیش رفت نہ ہونے سے تشدد میں اضافہ ہو رہا ہے اور اسی مدت کے دوران 30 اسرائیلی بھی مارے جا چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں پرتشدد کارروائیاں روز کا معمول ہیں اور تنازعے کے حل میں تاخیر نے ایک خطرناک اور غیر مستحکم خلا پیدا کر دیا ہے جس سے انتہا پسندی کو فروغ مل رہا ہے۔
انہوں نے غیر قانونی اسرائیلی بستیوں کی مسلسل توسیع، اسرائیل کی طرف سے فلسطینیوں کے مکانات کی مسماری، فلسطینی انتظامی اور پولیس کے زیر کنٹرول مغربی کنارے کے علاقوں میں اسرائیلی فورسز کی کارروائیوں اور فلسطینی دیہاتوں پر اسرائیلی آباد کاروں کے حملوں کا بھی زکر کیا۔
انہوں نے فلسطینیوں کی عسکریت پسندانہ سرگرمیوں کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ موجودہ صورتحال فلسطینی اتھارٹی کی مالیاتی صورتحال کی نزاکت کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ کی ایجنسیوں بشمول فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی ایجنسی کو درپیش مالی امداد کی شدید قلت کی وجہ سے پیچیدہ ہو چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ ہمیں فوری طور پر انتہائی نازک مسائل کو حل کرنے اور زمینی صورتحال کو کم کرنے پر توجہ دینی چاہیے لیکن ہم اس مسئلے کے مستقل حل کی ضرورت کوبھی نظر انداز نہیں کر سکتے ۔اقوام متحدہ میں امریکا کی سفیر لنڈا تھامس گرین فیلڈ نے علاقے میں بڑھتے ہوئے تشدد کو کم کرنے کے لیے فوری اقدامات پر زور دیا اور دو ریاستی حل کے لیے اپنی حکومت کی حمایت کا اعادہ کیا۔
روس کے نائب سفیر دمتری پولیانسکی نے کونسل کو بتایا کہ امن عمل میں جاری جمود میں اسرائیل کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات سے زمین پر ناقابل واپسی حقائق پیدا کرنے کی وجہ سے اضافہ ہوگیا ہے اورمقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کی غیر قانونی بستیوں کی غیر معمولی رفتار سے توسیع ایک بڑا خطرہ ہے۔فرانسیسی مندوب نے بھی فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی کارروائیوں کی مذمت کی ۔