سرینگر ۔ 5 مارچ (اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں منگل کو ضلع پلوامہ میں مزید دو نوجوانوں کو شہید کردیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے نوجوانوں کو ضلع میں ترال کے علاقے میر محلہ میں محاصرے اورتلاشی کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا۔ فوجیوں نے ایک مکان کو بھی باردودی مواد لگاکردھماکے سے اڑادیا۔ بھارتی فوجیوں نے محاصرے اور تلاشی کی یہ کارروائی گزشتہ شب شروع کی تھی جو آخری اطلاعات آنے تک جاری تھی۔ بھارتی پولیس کے ایک سینئر افسر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ مارے گئے نوجوان عسکریت پسند تھے اوروہ فوجیوں کے ساتھ ایک جھڑپ میں مارے گئے۔