مقبوضہ کشمیر، بھارتی فوجی محاصرہ 83ویں رو ز بھی برقرار

51

سرینگر ۔ 26 اکتوبر (اے پی پی) مقبوضہ وادی کشمیر اور جموںخطے کے مسلم اکثریتی علاقوں میں آج 83ویں روز بھی بھارتی فوجی محاصرہ برقرار ہے اور لاکھوں کشمیری بدستور شدید مشکلات و مصائب سے دوچار ہیں۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق پابندیوں ، پری پیڈ موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز کی معطلی کے باعث نظام زندگی بری طرح سے مفلوج ہے ۔ انٹرنیٹ سروس مہیا نہ ہونے کی وجہ سے صحافی ، طلباء اور تاجر خاص طور پر متاثر ہیں۔حالات کومعمول پر لانے کی قابض انتظامیہ کی کوششوں کے باوجود کشمیر حالیہ بھارتی کارروائیوںکیخلاف ہڑتال خاموش احتجاج کے طو ر پر جاری رکھے ہوئے ہیں۔ دکانیں اور کاروباری مراکز صبح اور شام کے وقت صرف چند گھنٹوں کیلئے کھول دیے جاتے ہیں تاکہ لوگ اشیائے ضروریہ کی خریداری کر سکیں۔سڑکوں پر پبلک ٹرنسپورٹ کی آمد و رفت بھی معطل ہے جس کی وجہ سے لوگوں خاص طور پر مریضوں اور ڈاکٹروں کو ہسپتالوں میں پہنچنے اور ایک جگہ سے دوسری جگہ جانے میں مشکلات کا سامنا ہے ۔ادھر امریکی ہفتہ وار جریدے ‘نیوز ویک”نے اپنی ایک رپورٹ میں لکھا ہے کہ ٹویٹرانتظامیہ نے کشمیر کے حوالے سے قریباْ دس لاکھ ٹویٹس سائٹ سے ہٹا دیے ہیں اور یوں اس نے بھارت کے آگے سرتسلیم خم کر لیا اور کشمیرمیں اظہار رائے کی آزادی کے حق کو دبانے کے بھارتی عمل میں شریک ہو گئی۔