سری نگر ۔ 26 اکتوبر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں قابض انتظامیہ نے سرینگر کی تاریخی جامع مسجد کو مسلسل تیسرے جمعہ کو سیل کر کے شہریوں کو مسجد میں جمعہ کی نماز پڑھنے سے روک دیا۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق عینی شاہدین نے سرینگر سے شائع ہونے والے ایک انگریزی روزنامے کو بتایا کہ قابض انتظامیہ نے سرینگر کے علاقے نوہٹہ میں قائم جامع مسجد کی طرف جانے والے تمام راستوں پر بڑی تعدادمیں بھارتی فوجی اور پولیس اہلکار تعینات کردیئے تھے۔ انہوںنے کہا کہ قابض بھارتی اہلکاروں نے مسجد کی طرف جانے والے تمام راستوں پر رکاوٹیں کھڑی کردی تھیں جس کی باعث لوگ جمعہ کی نماز کیلئے مسجد نہیں پہنچ سکے۔ یاد رہے کہ 15ویں صدی میں تعمیر ہونے والی جامع مسجد سرینگر قبل ازیں ڈوگروں اور سکھوں کے دورحکومت میں برسیوں تک مقفل رہی ۔ 2016ءمیں ممتاز نوجوان رہنما برہان مظفر وانی کے ماورائے عدالت قتل کے بعد مقبوضہ وادی میں چلنے والی احتجاجی تحریک کے دوران قابض انتظامیہ نے پہلی مرتبہ مسجد کئی ماہ تک بند رکھی جبکہ اب آئے روز مسجد کو سیل کر کے کشمیریوںکو یہاں جمعہ کی نماز کی ادائیگی سے روکا جاتا ہے۔